سعودی ولی عہد کی جان کیری سے علاقائی مسائل، دو طرفہ تعاون پر بات چیت

Meeting

Meeting

نیویارک (جیوڈیسک) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن نائف بن عبدالعزیز نے اپنے دورہ امریکا کے دوران گذشتہ روز نیویارک میں امریکی وزیرخارجہ جان کیری سے ملاقات کی۔

دونوں رہ نماؤں میں ہونے والی ملاقات میں خطےکے بحرانوں دونوں ملکوں کےدرمیان باہمی تعاون کے فروغ سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

ولی عہد اور جان کیری نے مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی کشیدگی اور جنگوں کے خاتمے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی کے مطابق ولی عہد اور امریکی وزیرخارجہ کےخطے کے مسائل کے حوالے سے موقف میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف دو روز قبل نیویارک میں منعقد ہونے والے جنرل اسمبلی کے 71 ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا پہنچے تھے۔ امریکا آمد پران کا سرکاری سطح پر شاندار استقبال کیا گیا۔

ولی عہد سے ملاقات کے دوران بات کرتے ہوئے جان کیری کا کہنا تھا کہ روس بشارالاسد پر کنٹرول کھو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بشارالاسد نہ صرف کئی سال سے اپنی قوم کے قتل عام میں مصروف ہے بلکہ امدادی قافلوں کو بھی بمباری کا نشانہ بنا رہا ہے۔ اس ہفتے ہم حقائق اکٹھے کریں گے اور اس کے بعد یہ فیصلہ کریں گے کہ آگے ہمیں کیا کرنا ہے۔

جان کیری اور ولی عہد کے درمیان ملاقات کے وقت امریکا میں سعودی عرب کے سفیر شہزادہ عبداللہ بن فیصل بن ترکی، وزارت داخلہ کے مشیر شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف، وزیر مملکت مساعد بن محمد العیبان، وزیرمالیات ابراہیم بن عبدالعزیز العساف اور وزیر خارجہ عادل الجبیر بھی موجود تھے۔