سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا دورہ پاکستان ملتوی

Adel al-Jubeir

Adel al-Jubeir

اسلام آباد (جیوڈیسک) سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا دورہ پاکستان نا گزیر وجوہات کی بنا پر اچانک ملتوی کر دیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کو 2 روزہ سرکاری دورے پر آج پاکستان آنا تھا تاہم ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر عادل الجبیر کا دورہ ملتوی ہو گیا ہے۔

دوسری جانب غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب کی جانب سے مذہبی رہنما کو سزائے موت کے بعد ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں اضافے کی وجہ سے عادل الجبیر کا دورہ پاکستان ملتوی کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ عادل الجبیر گزشتہ ماہ داعش کے خلاف سعودی عرب کی سربراہی میں بننے والے 34 رکنی فوجی اتحاد میں پاکستان کی شمولیت کا طریقہ کار طے کرنے کے لئے اسلام آباد پہنچ رہے تھے جہاں انھوں نے وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کرنی تھی۔