بچت

Savings

Savings

تحریر: شاہد شکیل
دنیا بھر میں تقریباً ہر انسان وہ غریب ہو یا امیر سب کا یہی رونا ہے کہ ہمارے اِخراجات بہت بڑھ گئے ہیں گھر کا خرچ پورا نہیں ہوتا مہنگائی زیادہ ہو گئی ہے اتنی کم آمدنی میں گزارہ کرنا مشکل ہو گیا ہے حالانکہ گھر کے تمام افراد مختلف جاب بھی کرتے ہیں پھر بھی اخراجات اتنے زیادہ ہو گئے ہیں کہ آمدنی کا پتا نہیں لگتا وغیرہ،ایسے حالات میں کئی افراد دل برداشتہ ہو جاتے ہیں اور قرضوں کے جال میں پھنس جاتے ہیں اور کئی ایسے افراد بھی ہیں جو مختلف طور طریقوں سے بچت کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ کون سا ایسا لائحہ عمل یا حکمت عملی اختیار کی جائے کہ اخراجات میں کمی ہو اور قرضوں کی نوبت نہ آئے ۔

دنیا بھر میں ہر انسان عورت ہو یا مرد بچہ ہو جوان یا عمر رسیدہ جب تک خواہشات پر قابو نہیں پایا جائے گا تنگدستی اور اخراجات کے جھنجھٹ سے چھٹکارہ حاصل کرنا ناممکن ہے۔گزشتہ دنوں جرمنی کے ایک معروف میگزین میں کہ اخراجات میں کیسے کمی کی جاتی ہے پر ایک مضمون شائع ہوا کہ جرمن کیسے بچت کرتے ہیں کیونکہ مہنگائی ، توانائی کے بحران اور روز مرہ اشیاء کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ ہونے کے علاوہ بنیادی سہولیات مثلاً پانی ،گیس اور بجلی وغیرہ کی قیمتوں میں اضافہ نے کمر توڑ کہ رکھ دی ہے اور جرمن ہر ممکن طریقے سے بچت کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے مثلاً کئی افرادشدید سردی میں ہیٹر آن نہیں کرتے یا کھانے کی پلیٹ دھونے کی بجائے چاٹتے ہیں تاکہ پانی اور بجلی کی بچت ہو،جرمن انٹر نیٹ پورٹل نے تحقیق کے بعد میگزین کو بتایا کہ چوہتر فیصد جرمنوں کو قطعی علم نہیں کہ وہ روزانہ کتنی بجلی ،پانی اور گیس استعمال کرتے ہیں لیکن سب کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی میں نمایاں فرق ظاہر ہونا چاہئے کچھ افراد لا علمی میں بچت کی بجائے زیادہ توانائی استعمال کرتے ہیں

Save Energy

Save Energy

کچھ افراد اس لئے انرجی بچانے کی کوشش کرتے ہیں کہ اخراجات زیادہ ہو گئے ہیں آمدنی کم ہے لہذٰا بچت کی جائے ،کلاسک طریقے سے جن کمروں میں لائٹ کی ضرورت نہ ہو آف کر دی جائے یا برش کرتے وقت بہتے پانی کو بند کر دیا جائے یا اگر کھڑکیاں کھلی ہیں تو ہیٹر آف ہونے چاہئیں وغیرہ ،انٹر نیٹ پورٹل کی رپورٹ کے مطابق ستر فیصد جرمن بچت کرنے کیلئے یخ بستہ سردی میں ہیٹر آن کرنے کی بجائے موٹے موزے یا گرم کپڑے گھروں میں استعمال کرتے ہیں تاکہ توانائی کے علاوہ اخراجات میں کمی ہو ،ساٹھ فیصد افراد سبزیوں اور فروٹس کو نلکے کے بہتے پانی میں دھونے کی بجائے پلاسٹک کے برتن میں پانی جمع کر کے دھوتے ہیں تاکہ پانی کی بچت ہو اور کم سے کم پانی بجلی کا بل آئے ،چھیالیس فیصد اوون یا بجلی کے ہیٹر پر پانی گرم کرنے کی بجائے الیکٹرک واٹر بوائلر میں پانی ابالنے کے بعد نوڈلز ،انڈے ، گوشت اور سبزیاں تیار کرتے ہیںتاکہ بجلی کے چولہے کو کم سے کم استعمال کیا جائے اور میٹر کو بریک لگے،

پینتالیس فیصد رات کے اوقات میں ٹوائلٹ استعمال کرتے ہیں ،تیس فیصد کا کہنا ہے توانائی کی بچت کیلئے شام کو موم بتیوں کا استعمال ضروری ہے،اٹھائیس فیصد جرمن اپنے سمارٹ فونز ،ٹیبلٹس اور لیپ ٹاپ گھر میں چارج کرنے کی بجائے دفتروں ،فیکٹریوں ،یونیورسٹیز یا عوامی مقامات پر چارج کرتے ہیں جو کہ ممنوع ہے لیکن توانائی کی بچت کیلئے ان کے پاس کوئی چارہ نہیں، اکیس فیصد موسم سرما میں ہیٹر یا گیس کا استعمال ہی نہیں کرتے بلکہ گرم کپڑوں کا استعمال کیا جاتا ہے،نو فیصد نے بخوشی اپنی اس عادت کو بیان کیا کہ کھانے کے بعد ہم اپنی پلیٹ کو دھونے کی بجائے چاٹتے ہیں تاکہ پانی بچایا جائے ،نو فیصد کا کہنا ہے ہم اپنی واشنگ مشین کے پانی کو جمع کرنے کے بعد اس سے ٹوائلٹ کی صفائی مثلا کموڈ وغیرہ کو دھونے کیلئے استعمال کرتے ہیں ۔

candlelight

candlelight

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کئی افراد ہفتے میں صرف ایک بار غسل کرتے ہیں اور زیادہ تر ڈیو سپرے استعمال کیا جاتا ہے خواتین کے بارے میں بتایا گیا کہ کوسمیٹک کی اشیاء پر بغیر سوچے سمجھے پیسے پانی کی طرح بہائے جاتے ہیں ہر موسم میں نئے جوتوں کی خریداری کی جاتی ہے لیکن بجلی کی بچت کیلئے شام کو کینڈل لائٹ استعمال کی جاتی ہے دوسری طرف مرد اپنی گاڑیوں کی ہر تین یا چار ماہ بعد انسپیکشن کروانے پر سینکڑوں یورو کا ضیاع کرتے ہیں لیکن ڈھنگ کی شرٹ یا اچھا جوتا خریدنے کیلئے رقم موجود نہیں ہوتی یا ہفتے میں ایک بار غسل کیا جاتا ہے تاکہ شیمپو اور پانی بجلی کی بچت ہو۔

انسانی فطرت ہے کہ دوسرے انسان کی بری چیز سونا لگتی ہے اپنی قیمتی اشیاء کو مکمل طور پر رد کر دیا جاتا ہے جہاں بچت کی ضرورت ہو وہاں پیسا پانی کی طرح بہایا جاتا ہے مثلاً ریستوراں میں چائے کافی یا کھانے کے بعد خاتون ویٹر کو دل کھول کر ٹپ دی جاتی ہے ،کھلی فضا میں چہل قدمی یا جوگنگ کرنے کی بجائے فٹنس سینٹر کا رخ کیا جاتا ہے اور سینکڑوں یورو مشینوں کے استعمال پر ضائع کئے جاتے ہیں اور ہر ماہ کی بیس تاریخ سے آمدنی کا گراف ڈاؤن ہونا شروع ہو جاتا ہے پچیس تاریخ کے بعد جان کے لالے پڑتے ہیں اور سب یہی کہنا شروع کرتے ہیں کہ مہنگائی بہت ہو گئی ہے اخراجات پورے نہیں ہوتے حکومتیں روز بروز عوام کی کھال اتاررہی ہیں ،اب کیا کیا جائے ،

کہاں جائیں، کیا کھائیں وغیرہ ۔جب تک انسان فضول خرچی اور خواہشات پر قابو نہیں پائے گا اور مادہ پرستی کو ذہن سے نہیں نکالے گا ایسا زندگی بھر رواں رہے گا اور مزید مشکلات پیدا ہونگی ممکنہ طور پر خاندانوں میں کشیدگیوں کی ابتدا ہو گی اور حالات بدتر ہونے کے امکانات پیدا ہونگے ۔سوچنا یہ ہے کہ بچت کرنے کیلئے کیسے ،کب،کہاں اور کس تھیوری کے ساتھ پریکٹیکل بھی کیا جائے کہ سانپ بھی مر جائے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے اور نتائج بھی مثبت آئیں؟۔

Shahid Shakeel

Shahid Shakeel

تحریر: شاہد شکیل

Restaurant Tip

Restaurant Tip