کل سکول کھولنے کی کوشش کی گئی تو سیل کر دیں گے :رانا مشہود

Rana Mashhood

Rana Mashhood

فیصل آباد (جیوڈیسک) وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دیں ، آج سکولز کھولنے والے مالکان کو شوکاز دئیے کل کھولے تو سکول ہی سیل کر دئیے جائیں گے ۔ فیصل آباد میں پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشنز کے نمائندوں سے میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود کا کہنا تھا کہ گرمی کی شدت سے بچے بے ہوش ہو رہے تھے اس لئے حکومت نے 24 مئی سے سکول بند کرنے کا اعلان کیا۔

سکول بند کرنے کے فیصلہ پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا ، آج پنجاب بھر میں 96 فیصد سکول بند رہے ہیں ، صرف سالانہ امتحانات لینے والے سکولوں کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے ، باقی بعض سکول جو کھلے ہیں انہیں شوکاز دئیے جا رہے ہیں ، صرف فیصل آباد میں ہی 26 سکولوں کو شوکاز دئیے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ کل جو سکول کھلے گا اسے سیل کر دیا جائے گا اور مالکان کو جرمانے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کیا کہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران اکٹھی فیسیں وصول کرنے والے سکولوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

عمران خان کے احتجاج کے بارے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بیوی ہے اور نہ بچے پاس ہیں ، اس لئے انہوں نے کچھ تو کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاستدان کم اور جزوقتی اداکار زیادہ ہیں ، ان کا سارا زور شادی پر رہتا انہیں قوم کے مفاد کی پرواہ نہیں ہے۔