صرف 15 سیکنڈ میں چارج ہو جانے والی الیکٹرک میٹرو بس

TOSA Bus

TOSA Bus

سوئٹزرلینڈ کے دارالحکومت میں تجرباتی طور پر ایسی بڑی الیکٹرک میٹرو بسیں چلائی جا رہی ہیں جن کی بیٹریاں صرف 15 سیکنڈ میں چارج ہو جاتی ہیں اور یہ تیزی سے دوبارہ اپنی منزل کی طرف گامزن ہو جاتی ہیں۔

بجلی سے چلنے اور تیزی سے چارج ہونے والی یہ میٹرو بسیں سوئٹزر لینڈ کی مختلف کمپنیوں نے حکومت کے تعاون سے تیار کی ہیں۔ ایسی ہر بس کے نچلے حصے میں بیٹریاں نصب ہیں جب کہ چھت پر ایک قابلِ حرکت آنکڑا ہے۔

جنیوا ایئرپورٹ سے شہر کے مختلف علاقوں تک چلنے والی ان بسوں کے اسٹاپ بھی خاص طرح سے ڈیزائن کیے گئے ہیں جن میں خاصی اونچائی پر چارجنگ پلگ لگے ہوئے ہیں۔

بس جیسے ہی اسٹاپ پر پہنچ کر رکتی ہے تو مسافروں کے چڑھنے اور اترنے کے درمیانی وقفے میں ہی بس کی چھت والا آنکڑا، اسٹاپ پر لگے ہوئے چارجنگ پلگ کو جکڑ لیتا ہے اور صرف 15 سیکنڈ کی مختصر مدت میں بس کی بیٹریوں کو 600 کلو واٹ جتنی بجلی دے کر چارج کر دیتا ہے۔

صرف 15 سیکنڈ تک چارج ہونے کے بعد ایسی ایک بس اپنے 130 مسافروں کو لے کر 2 کلومیٹر تک مزید سفر کر سکتی ہے جب کہ بس ٹرمینل (بس اڈے) پر پہنچ کر اس کی بیٹریوں کی مکمل چارجنگ میں 4 سے 5 منٹ لگتے ہیں۔

سوئس حکام کا کہنا ہے کہ 2018 تک جب یہ سروس پوری طرح سے شروع ہو جائے گی تو ان بسوں کے ذریعے روزانہ 10 ہزار سے زیادہ افراد کو پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر آئے گی جب کہ اس سے فضائی آلودگی کم سے کم سطح پر رکھنے میں بھی بہت مدد ملے گی۔