شعبہ اردو پٹنہ یونیورسٹی میں تقریب تقسیم اسناد

Patna University Distribution Certificates

Patna University Distribution Certificates

پٹنہ (کامران غنی) تحقیق کے لیے ترتیب بہت ضروری ہے۔ بغیر تربیت کے تحقیق سے اعلی تحقیق کے نمونے سامنے نہیں آپاتے۔ اس لیے یو جی سی کے ذریعہ لازم کردہ تحقیقی کورس کی بہرحال افادیت ہے اور ریسرچ اسکالرز کو اس سے فائدہ حاصل ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار آج شعبۂ اردو پٹنہ یونیورسٹی میں ایک جلسۂ تقسیم اسناد سے پروفیسر رادھا موہن سنگھ، ڈین فیکلٹی آف ہیومنٹیز، پٹنہ یونیورسٹی نے کیا۔

انہوں نے کہا کہ شعبہ اردو کی طرف سے یہ تیسرا سیشن ہے جو بہت خوب صورتی کے ساتھ مکمل ہوا۔ شعبۂ اردو پٹنہ یونیورسٹی بہت فعال اور متحرک شعبہ ہے جو ہر کام سلیقے سے کرتا ہے۔ شعبے کی طرف سے تحقیقی تربیت کے لیے شش ماہی کورس ورک کی کامیابی کی یہ دلیل ہے کہ تمام ریسرچ اسکالرس نے ملک کے اہم اساتذہ سے استفادہ کیا اور کامیاب ہوئے۔

واضح ہو کہ آج شعبۂ اردو میںشش ماہی تحقیقی کورس ورک مکمل کرنے والے ریسرچ اسکالرس کے لیے جلسۂ تقسیم اسناد کا انعقاد کیا گیا تھا۔ جس میں ڈین فیکلٹی آف ہیومنٹیز پروفیسر رادھا موہن سنگھ کے علاوہ ڈاکٹر اسرائیل رضا، ڈاکٹر مسعود احمد کاظمی، ڈاکٹر سرور عالم ندوی، ڈاکٹر جاوید حیات اور ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ جب کہ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر رادھا موہن سنگھ کے دستِ مبارک سے تمام ریسرچ اسکالرس کو اسناد عطا کی گئی۔

صدر شعبہ ڈاکٹر جاوید حیات نے کہا کہ اس کورس سے طلبا اور طالبات کو بہت فائدہ حاصل ہوا۔ کیوںکہ ان کو تربیت دینے والوں میں ہندستان کی اہم یونیورسٹیوں کے اساتذہ اور دانشوروں کے اسمائے گرامی شامل ہیں۔ دہلی،کلکتہ، الہٰ آباد ، رانچی، گیا،بھاگل پور، بنارس، مظفرپور اور دیگر شہروں کے اساتذہ نے اپنے تجربات پیش کیے اور تحقیق کے طریقۂ کار سے طلبا کو روشناس کرایا۔ انھوںنے تمام ریسرچ اسکالرس کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنی نیک خواہشات پیش کیں۔

سابق صدر شعبۂ اردو ڈاکٹر اسرائیل رضا نے اپنے پُرمغز خطاب میں طلبہ کو تحقیق کی راہ میں درپیش مسائل سے آشنا کیا اور انھیں ترغیب دی کہ کٹنگ پیسٹنگ سے احتراز کرتے ہوئے تحقیق کے معیار پر توجہ دیں۔ محنت سے کام کریں اور تحقیقی طریقۂ کار کا پورا پورا خیال رکھتے ہوئے اردو ادب میں اضافہ کرنے کی کوشش کریں۔

ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی، ڈاکٹر سرور عالم ندوی، ڈاکٹر مسعود احمد کاظمی نے بھی اسناد حاصل کرنے والے تمام ریسرچ اسکالرس کو مبارک باد پیش کی اور انھیں اس کورس سے حاصل ہونے والی تربیت کو عملی طور پر برتنے کی ترغیب دی۔

تقریب کا آغاز مولانا عارف حسین کی تلاوت قرآن سے ہوا جب کہ ڈاکٹر سرور عالم اور ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی نے اپنی غزلوں سے محظوظ کیا۔ شعبے کے طلبا اور طالبات کے علاوہ ریسرچ اسکالرس کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی۔ تقریب کی صدارت شعبۂ اردو کے صدر ڈاکٹر جاوید حیات نے کی جب کہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی نے انجام دیے۔

Patna University Distribution Certificates

Patna University Distribution Certificates