سکیورٹی خدشات، تعلیمی اداروں کیلئے نیا سکیورٹی پلان جاری

Security Concerns

Security Concerns

لاہور (جیوڈیسک) سیکیورٹی خدشات کے باعث لاہور کی تین یونیورسٹیاں، ملتان میں زکریا یونیورسٹی اور آٹھ تعلیمی ادارے اکتیس جنوری تک بند کر دیئے گئے۔

کراچی میں آرمی اور پاک بحریہ کے سکولوں میں بھی چھٹیاں ہو گئیں، اسلام آباد، لاہور اور خیبر پختونخوا کے تعلیمی اداروں کیلئے نیا سیکورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا۔

کئی شہروں میں ناقص انتظامات پر درجنوں سکول سیل ہوگئے۔ سیکیورٹی خدشات کے باعث انجینئرنگ یونیورسٹی، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اور زکریا یونیورسٹی کا لاہور کیمپس 31 جنوری تک بند رہے گا۔

ملتان میں بہائوالدین زکریا یونیورسٹی دو روز کیلئے بند کرنے کا اعلان رات گئے کرنے کے بعد تمام ہاسٹل خالی کرا کے سرچ آپریشن بھی کیا گیا ۔ کراچی میں آرمی اور پاک بحریہ کے زیر انتظام سکول بھی بھی 2 فروری کو کھلیں گے۔

جامعہ کراچی کے داخلی دروازوں پر واک تھرو گیٹ کے علاوہ ،دیواریں بھی بلند کی جا رہی ہیں۔ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو چھتوں پر سیکورٹی گارڈ تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نئے سیکورٹی پلان کے تحت لاہور میں بارہ سرکاری سکولوں، ایک سو اکتیس بوائز ، انیس خواتین کالجوں اور انیس یونیورسٹیوں کو اے پلس کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا میں بھی سکولوں کی بیرونی دیواریں بلند کرنے اور خاردارتار لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ناقص سیکیورٹی انتظامات پر کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

بہاولپور میں اسلامیہ یونیورسٹی کے شعبہ فارمیسی اور چار تعلیمی ادارے جبکہ ڈسکہ میں پانچ اور ساہیوال میں گیارہ ادارے سیل کئے گئے۔

احمد پور شرقیہ کا ووکیشنل کالج اور لیہ کے تین ادارے بھی کارروائی کی زد میں آ گئے۔ سرگودھا میں بھی پندرہ ادارے سیل کئے گئے۔