سیکیورٹی مسائل اور سرحد پار جارحیت کا سامنا ہے،ڈی جی رینجرز پنجاب

Umar Farooq Baraki

Umar Farooq Baraki

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں پاکستان رینجرز پنجاب کے 23 ویںانسداد دہشت گردی دستے کی پاسنگ آؤٹ تقریب ہوئی۔ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی نے کہا ہے کہ سرحد پار جارحیت کے بھرپور مقابلے ، دہشتگردی کے خاتمے اور ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا عزم کر رکھا ہے۔

پاکستان رینجرز پنجاب کی پاسنگ آؤٹ تقریب رینجرز ہیڈکوارٹرز میں ہوئی ،ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر فاروق برکی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ،انسداد دہشت گردی فورس کے 23ویں دستے کے 120 نوجوانوں نے پاسنگ آوٹ پریڈ میں شرکت کی ،اس موقع پرتربیت یافتہ نوجوانوں نے دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں پر قابو پانے کے حوالے سے مختلف فارمیشنز کے عملی مظاہرے کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی نے کہا کہ وطن عزیز کو سکیورٹی مسائل اور سرحد پار سےجارحیت کا سامنا ہے۔ملکی سلامتی کو درپیش خطرات کے مقابلے اور وطن عزیز کے ناقابل تسخیر بنانے کیلیے پرعزم ہیں ،دہشت گردی پر قابو پانے کےلیے رینجرز کا کلیدی کردار ہے۔

رینجرز کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف میں لکھی جائیں گی۔ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ تربیت حاصل کرنے والے جوانوں کو دہشت گردی پر قابو پانے کےلیے بہترین حکمت عملی اپنانا ہوگی۔انہوں نے ٹریننگ حاصل کرنے والے جوانوں کی مشقوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دشمن پر قابو پانے کےلیے فورس اہم کردار ادا کرے گی۔