سیکیورٹی ٹیم دھرم شالا میں حفاظتی اقدامات سے مطمئن نہیں

Pakistan team Visit India

Pakistan team Visit India

لاہور (جیوڈیسک) سیکیورٹی ٹیم دھرم شالہ میں سیکیورٹی معاملات سے مطمئن نہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ دھرم شالہ کی بجائے کہیں اور کرانے کو کہہ دیا،پاکستان اور بھارت کا ورلڈ ٹی ٹوینٹی میچ دھرم شالہ سے منتقل ہونے کا امکان ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت جائے گی یا نہیں اس بات کا فیصلہ آج ہو گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے دھرم شالہ میں ٹیم کی سیکیورٹی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی سے میچ کسی اور وینیو پر شفٹ کرنے کو کہہ دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حکومت کا تین رکنی دفد دھرم شالہ میں سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن نہیں۔ ہماچل پردیش حکومت کی جانب سے ٹیم کو حوصلہ افزا گارنٹی نہیں ملی جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو خط کے ذریعے آگاہ کردیا ہے کہ وہ دھرم شالہ میں میچ نہیں کھیلیں گے لہٰذا میچ کو کسی اور وینیو پر شفٹ کردیا جائے، امکان ہے کہ اس میچ کو کولکتہ شفٹ کردیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہماچل پردیش انتظامیہ کی جانب سے پاکستانی وفد کو واضح طور پر کہہ دیا گیا تھا کہ اگر کوئی احتجاج ہوا تو اس کو نہیں روکا جائے گا جس پر پاکستان کو یہ تحفظات ہیں کہ اگر احتجاج نے پرتشدد شکل اختیار کرلی تو پھر کیا ہوگا؟ ساتھ ساتھ انتظامیہ پاکستانی فینزاور میڈیا نمائندوں کی سیکیورٹی پر بھی کوئی یقین دہانی نہ کرسکی تھی اور پاکستان کی جیت کی صورت میں ممکنہ ردعمل کی صورت میں بھی کوئی خاص انتظامات نہیں تھے۔