سیمی فائنل تک رسائی : لاہور لائنز کو 50 رنز سے یا 15 ویں اوور میں فتح درکار

 Lahore Lions

Lahore Lions

بنگلور (جیوڈیسک) چیمپئنز لیگ میں گروپ اے میں سے کے کے آر کی ٹیم سیمی فائنل میں آ چکی، جب کہ چنائی سپر کنگز کی ٹیم دس پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں جانے کی پوزیشن میں نظر آتی ہے، تا ہم لاہور لائنز کی تمام امیدیں ابھی ختم نہیں ہوئیں اور غیر معمولی کارکردگی دکھا کر وہ اب بھی سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر سکتی ہے۔

ماہرین کرکٹ کا کہنا ہے کہ اگر لاہور لائنز نے پرتھ سکارچرز کو ہرا دیا، اور کافی اچھے مارجن سے ہرایا اور اپنا نیٹ رن ریٹ چنائی سے بہتر کر لیا تو اس کو سیمی فائنل میں آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ تاہم اس کی سادہ انداز میں کامیابی کام نہیں آئے گی اور شکست کی صورت میں تو ساری کہانی ختم ہو جائے گی۔

پچھلے میچ میں ڈالفنز کے خلا ف لاہور کی ٹیم نے اپنا رن ریٹ چنائی سے بہتر بنانے کا سنہری موقع ضائع کر دیا، اور وہ میچ جو ستر یا ساٹھ رنز سے جیتا جا سکتا تھا ، ناقص کپتانی کے باعث صرف سولہ رنز سے جیتا جا سکا۔

آج کے میچ میں لاہور لائنز نے اگر سکارچر کو تقریباً پچاس رنز کے لگ بھگ مارجن سے ہرا دیا یا پھر چیز کرتے ہوئے پندرھویں اوور کے قریب ہدف پا لیا تو وہ اپنا رن ریٹ بہتر کرتے ہوئے چنائی سپر کنگز کی جگہ سیمی فائنل میں جا سکتی ہے، ورنہ پھر گھر کو واپس آ سکتی ہے۔

یاد رہے کہ لاہور کی ٹیم کو کوالی فائننگ راونڈ میں بھی اسی صورت حال کا سامنا تھا جب انہوں نے سری لنکا کی ناردرن ایکسپریس کو شکست دے کر چیمپئنز لیگ کے لئے کوالی فائی کر لیا تھا۔ اب سیمی فائنل میں جانے کے لئے بھی اس کو ویسی صورت حال کا سامنا ہے۔