چیئرمین سینیٹ کو گھر بجھوانے کے بجائے اپنے قائد کو بچائیں۔ میر عبدالقدوس بزنجو

Abdul Quddus Bizenjo

Abdul Quddus Bizenjo

خالق آباد (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی چیئرمین سینیٹ کو گھر بجھوانے کے بجائے اپنے قائد کو بچائیں، جنہیں نااہل قرار دیا گیا ہے۔

بلوچستان کے علاقے خالق آباد میں رکن اسمبلی خالد لانگو کی دعوت پر منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم کے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو گھر بجھوانے کے حالیہ بیان پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا انتخاب ہضم نہیں ہورہا۔ حالانکہ بڑی پارٹیوں نے جمہوری طریقے سے بلوچستان کے فرزند کو منتخب کیا، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو زیب نہیں دیتا کہ اس طرح کے بیانات دیں۔

آج انہیں چیئرمین سینیٹ غیر جمہوری لگ رہا ہے تو وہ اپنے گربیان میں جھانک کر دیکھیں کہ مسلم لیگ نون کا وجود کس طرح عمل میں آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بیانات بلوچستان کے عوام کو پاکستان سے دور کرنے کی سازش ہے۔ ہم ان پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ صوبے کی عوام ہمیشہ پاکستان کے ساتھ رہیں گے۔ بلوچستان کے فیصلے پہلی مرتبہ بلوچستان میں ہورہے ہیں۔ اس سے پہلے صوبے کے فیصلے مری اور اسلام آباد میں ہوا کرتے تھے۔

تقریب سے صوبائی وزراء اور قبائلی عمائدین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ اور دیگر مہمانوں کو بلوچی روایتی پگڑی اور چادریں پہنائی گئیں۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے قلات میں 190 طلباء میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے۔