سینیٹ الیکشن: اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد

Ishaq Dar

Ishaq Dar

اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹ الیکشن سے پہلے نون لیگ کیلئے بری خبر یہ ہے کہ اس کے ایک اہم رہنماء اور امیدوار سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنا دیا۔ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے۔ سابق وزیر خزانہ کے وکلاء اور تحریک انصاف کے وکلاء کی بحث کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصلہ سنایا گیا۔ الیکشن کمیشن میں جرح کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل نے یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ اسحاق ڈار نے انتخابی اخراجات کے لئے 2 نشیتوں پر ایک ہی بینک اکاؤنٹ دیا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل مسلم لیگ نون کی جانب سے اسحاق ڈار کو سینیٹ الیکشن کیلئے امیدوار نامزد کرنے کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی نے اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی ترجمان فواد چودھری نے کہا تھا کہ ایک اشتہاری کیسے سینیٹ الیکشن لڑ سکتا ہے؟ بیماری کا بہانہ بنا کر اسحاق ڈار ملک سے فرار ہوئے اور پھر عدالتوں میں پیش نہ ہونے پر انہیں اشتہاری قرار دیا گیا، ایسے میں ایک اشتہاری کے سینیٹ الیکشن لڑنے کا معاملہ الیکشن کمیشن کے سامنے رکھا جائے گا اور اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا جائے گا۔