سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کی فتح

Karachi Kings

Karachi Kings

لاہور (جیوڈیسک) کراچی کنگزناقابل شکست، سنسنی خیز مقابلے کے بعد27 رنز سے لاہور قلندرز کو مات دے دی۔ لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 18.3 اوورز میں 132 اسکور بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

کراچی کنگز کی ایونٹ میں یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے، جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم تیسرےمیچ میں بھی فتح حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ اچھے آغاز کے باوجود لاہور قلندرز کی ٹیم 160 رنز کا ہدف عبور نہ کر سکی اور 132 اسکور بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

کراچی کنگز کی جانب سے روی بوپارا نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو بڑا ہدف مقرر کرنے میں مدد فراہم کی تھی۔ ابتدائی 3 وکٹیں جلدی گرنے کے بعد کولن انگرام اور روی بوپارا نے مڈل آرڈر کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے 50 رنز کی شراکت داری قائم کی تھی۔ روی بوپارا نے آخری لمحات میں اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے محمد عرفان کے ساتھ 42 رنز بنائے اور اس دوران انہوں نے اننگز کی آخری گیند پر شاندار چھکا لگا کر اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان پی ایس ایل کے آٹھویں میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور لاہور قلندرز کے لیے 160 رنز کا ہدف مقرر کیا تھا جسے لاہور قلندرز کی ٹیم عبور نہ کرسکی۔

لاہور کی ٹیم میں کپتان برینڈن مکلم، کیمرون ڈلپورٹ، فخر زمان، سنیل نارائن، یاسر شاہ، آغا سلمان، دنیشن رامدین، مستفیظ الرحمان، شاہین آفریدی، سہیل اختر، سہیل خان اور عمر اکمل شامل ہیں، جبکہ کراچی کنگز کی ٹیم بابر اعظم، روی بوپارا، جو ڈینلی، کپتان عماد وسیم، شاہد آفریدی، خرم منظور، کولن انگرم، محمد عرفان، عثمان شنواری، محمد عرفان جونیئر اور ٹائمل ملز پر مشتمل ہے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز نے اب تک تین تین میچز کھیلیں ہیں۔ کراچی کنگز نے اپنے تینوں میچز میں کامیابی حاصل کی لیکن لاہور قلندرز کو تینوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔