حسد اور اقتدار کی ہوس نے خان صاحب کو دماغی مریض بنا دیا: مریم اورنگزیب

Mary Aurangzeb

Mary Aurangzeb

اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان کے میانوالی جلسے سے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے ایک بار پھر وہی تقریر کی اور وہی جھوٹ بولا، عمران خان نے اپنے چار سال جھوٹ بولنے میں ضائع کئے، اگر وہ اتنا وقت شہباز شریف سے تربیت لینے میں گزارتے تو آج خیبر پختونخوا میں بھی پنجاب جیسی ترقی ہوتی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان سے صوبے میں پھیلا ڈینگی تو سنبھالا نہیں جاتا اور وہ تنقید شہباز شریف پر کرتے ہیں، پنجاب کے عوام کیلئے شہباز شریف کی خدمات دیکھ کر عمران خان کی ایسی حالت ہو جاتی ہے کیونکہ شہباز شریف پنجاب کی ترقی کا نام ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اچھا ہوتا کہ عمران خان میانوالی کے جلسے میں خیبر پختونخوا کے احتساب کمیشن کا تالا کھولنے کا اعلان کرتے اور وہاں کے عوام کو بتاتے کہ خیبر پختونخوا کے پینتیس فیصد سکولوں میں آج بھی پینے کا صاف پانی میسر نہیں، وہاں کے تیس فیصد سکول ٹوائلٹ جبکہ چالیس فیصد بجلی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ جلسوں میں جھوٹ بول کر لوگوں کی خدمت ہوتی ہے نہ ہی تبدیلی آتی ہے، تبدیلی لانے کیلئے شہباز شریف کی طرح دن رات کام کرنا پڑتا ہے، شہباز شریف کی محنت اور کارکردگی کی گواہی اُن کا کام دیتا ہے۔