علیحدگی کے بعد عمران خان اور ریحام کا پہلی بار ٹیلی فونک رابطہ

Imran Khan And Reham Khan

Imran Khan And Reham Khan.

لندن (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اپنی سابق اہلیہ ریحام خان کے ساتھ طلاق کے بعد پہلی بار ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں سابقہ میاں بیوی میں 10 منٹ تک بات چیت ہوتی رہی۔

واضع رہے کہ عمران خان اور ریحام کے درمیان گزشتہ ماہ 30 اکتوبر کو طلاق ہو گئی تھی۔ دونوں کی شادی رواں سال جنوری میں ہوئی تھی۔ عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری پیغامات میں کہا تھا کہ یہ میرے، ریحام اور ہمارے خاندانوں کے لئے دکھ کے لمحات ہیں۔

میرے دل میں ریحام خان، ان کے اخلاق، کردار اور اس عزم کی بہت زیادہ عزت ہے کہ وہ غیر مراعات یافتہ طبقوں کی مدد کرنا چاہتی ہیں۔ عمران خان نے اپیل کی تھی کہ میں سب سے ہماری پرائیویسی کے احترام کی درخواست کرتا ہوں۔ دوسری جانب ریحام خان نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم نے اپنے راستے جدا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور طلاق کے لئے رجوع کیا ہے۔