17 ستمبر کو بتا دینا نااہلی قبول نہیں، پانامہ، اقامہ سب ڈرامہ ہے: مریم نواز

Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

لاہور (جیوڈیسک) این اے 120 کا انتخابی معرکہ اپنے عروج پر پہنچ گیا۔ مریم نواز انتخابی مہم کے سلسلے میں کرشن نگر پہنچیں اور ابدالی چوک میں مسلم لیگ ن کے انتخابی دفتر کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر متوالوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کیلئے موجود تھی جنہوں نے اپنے قائد کی بیٹی پر پھولوں کی ڈھیروں پتیاں نچھاور کیں۔

مریم نواز نے کارکنان سے خطاب کیلئے گاڑی سے نکل کر سٹیج تک جانے کی بھرپور کوشش کی مگر بڑے ہجوم میں آگے بڑھنا ان کیلئے ناممکن ثابت ہوا جس کے بعد انہوں نے گاڑی سے باہر نکل کر وہیں کھڑے کھڑے خطاب کیا، بولیں آپ کی ماں نے آپ کو سلام بھیجا ہے، بتائیں کیا میاں نواز شریف کی نااہلی منظور ہے؟

اگر نااہلی منظور نہیں تو سترہ ستمبر کو باہر نکلو، نااہلی منظور نہیں تو 17 ستمبر کو ووٹ کیلئے نکلو اور دنیا کو بتا دو کہ ظلم اور نااہلی کو نہیں مانتے، سترہ ستمبر کو بتا دو کہ لاہور نواز شریف کی نااہلی کو نہیں مانتا۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ پانامہ اور اقامہ تو بہانہ ہے، نواز شریف نشانہ ہے، پانامہ، اقامہ سب ڈرامہ ہیں، اپنی بیمار ماں کو چھوڑ کر آپ کے پاس آئی ہوں، سترہ ستمبر کو شیر اور لاہور بولے گا، اپنی بیٹی، بہن کا مان رکھنا، بتا دینا کہ ووٹ نواز شریف کا ہے۔