تصفیہ کشمیر حق خودارادیت سے ہی ممکن ہے: نوازشریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کشمیری بھائیوں کے جذبات کی قدر کرتے ہیں اور خواہ کچھ ہو جائے دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حق خود ارادیت کے ذریعے ہی مسئلہ کشمیر کا حل ممکن ہے ، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدو جہد اور آواز کو بربریت سے نہیں دبایا جا سکتا، سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جاتی امراء میں پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن، وفاقی وزیر اکرم درانی اور جے یو آئی کے مرکزی رہنما ریاض درانی سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان‘ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کشمیری بھائیوں کے جذبات کی قدر کرتے ہیں اور خواہ کچھ ہو جائے دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیریوں کی آواز اور جدوجہد کو فوجی طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا نہ ہی ان کے انسانی حقوق کو پامال کرنے کی اجازت دی جا سکتی۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاناما لیکس کے ٹی او آرز، الیکشن کمیشن کے ممبران اور مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی بات چیت ہوئی۔ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین نے وز یر اعظم کو حال ہی میں کشمیری قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں پر اعتماد میں لیتے ہوئے کشمیری عوام اور قیادت کے جذبات سے آگاہ کیا اور کہا کہ مشکل گھڑی میں مقبوضہ وادی کی کشمیری قیادت اور عوام پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔