شاہ فیصل زون میں اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل کی صدارت میں محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس

Moharram security meeting

Moharram security meeting

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شاہ فیصل زون میں محرم الحرام کے دوران قیام امن اور علاقائی سطح پر درپیش بلدیاتی مسائل کے حل ،امام بارگاہوں اور محرم الحرام کے دوران برآماد ہونے والے جلوسوں ،محافل و مجالس گاہوں کے حفاظتی انتظامات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل فہیم الدین میمن کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں کے علاوہ امام بارگاہوں کے منتظمین ،عشرہ محرم کے دوران برآمد ہونے والے جلوسوں اور محافل و مجالس کے پرمٹ ہولڈرز نے شرکت کی اس موقع پر بلدیہ کورنگی شاہ فیصل زون کے افسران کے علاوہ پولیس ،ٹریفک پولیس اور عوامی سہولیات کی فراہمی پر مامور دیگر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران اتحاد و اتفاق اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائیگا ۔اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل فہیم الدین میمن نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران مساجد و امام بارگاہوں ،جلوسوں ،محافل و مجالس گاہوں کے اطراف بلدیاتی انتظامات کی درستگی اور موثر حفاظتی انتظامات منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ یقینی بنا یا جائیگا۔

انہوں نے کہاکہ منتظمین اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور باہمی مشاورت کے ساتھ علاقائی مسائل اور حفاظتی انتظامات کو یقینی بنا ئیں اسسٹنٹ کمشنر نے کہاکہ ایک دوسرے کا احترام کیا جائے اور دہشت گردی اور انتہاپسندی سے نمٹنے کے لئے متحد ہو کر ارد گرد کے ماحول پر نظر رکھا جائے ۔اجلاس میں منتظمین کی جانب سے علاقائی مسائل پیش کئے گئے جسے اجلاس میں موجود نمائندوں نے عشرہ محرم الحرام سے قبل درپیش مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔