شاہ فیصل زون میں انسداد تجاوزات مہم، سینکڑوں تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا

کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے کہا ہے کہ ضلع کورنگی کی حدود میں شاہراہوں ،فٹ پاتھوں ،فلائی اوورز اور سرکاری اراضی پر قبضہ و تجاوزات اور غیر قانونی بچت بازاروں کو برداشت نہیں کیا جائیگا متعلقہ محکمے غیر قانونی اقدام کے خاتمے کے لئے فوری ایکشن لیکر عوامی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ شاہ فیصل زون کی جانب سے شاہراہوں سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے حوالے سے جاری مہم کے معائنے کے لئے شاہ فیصل کالونی کا تفصیلی دورے کے موقع پر کیا ۔شاہ فیصل زون محکمہ انسداد تجاوزات کے تحت جاری مہم کے دوران شاہ فیصل کالونی نمبر1مین بازار ،ناتھا خان گوٹھ ،شاہ فیصل کالونی نمبر3مین بازار ،شمع شاپنگ سینٹر چوک کے اطراف اور شاہ فیصل فلائی اوور کے نیچے قائم سینکڑوں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ کردیا ۔ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے تجاوزات کے خلاف جاری مہم کا معائنہ کرتے ہوئے عوام خصوصاً تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ شاہراہوں اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات قائم کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کریں تاکہ علاقائی سطح پر غیر قانونی اقدامات کی بیخ کنی کرکے عوام کو درپیش مسائل سے چھٹکارہ اور علاقائی خوبصورت میں اضافہ کیا جا سکے۔

دورے کے موقع پر مختلف شاہراہوں اور چورنگیوں و چوارہوں کے کے اطراف غیر قانونی رکشہ ،ٹیکسی اور ٹرک اسٹینڈز کے قیام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے متعلقہ محکمے کو ہدایت کی کہ غیر قانونی وہیکلز اسٹینڈز کا فوری خاتمہ کیا جائے تاکہ ٹریف کی روانی میں حائل دشواریوں کا خاتمہ اور عوام کو سہولت پہنچائی جاسکے اس موقع پر میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے محکمہ انسداد تجاوزات سیل شاہ فیصل زون کی جانب سے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کوعوامی مفاد میں مثبت قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ علاقائی سطح پر عوامی سہولیات کی فراہمی کی راہ میں رکاوٹو ں کے خاتمے کے لئے جاری مہم میں بلدیہ کورنگی سے تعاون کریں تاکہ باہمی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کے ہر علاقے کو مسائل سے پاک اور اس کی خوبصورتی میں اضافہ یقینی بنائی جا سکے۔

Encroachment Campaign

Encroachment Campaign