شاہ رخ کا فلمی ریکارڈ میرے مقابلے میں 100 فیصد بہتر ہے، سلمان خان

Shah Rukh And Salman Khan

Shah Rukh And Salman Khan

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان نے فلم انڈسٹری کے کنگ خان شاہ رخ کے فلمی دنیا میں ریکارڈ کو خود سے 100 فیصد بہتر قرار دیا ہے۔

سلمان خان ہر عید میں بڑی اسکرین پر زوردار انٹری دیتے ہیں لیکن آئندہ برس شاہ رخ خان بھی دبنگ خان کی ’’سلطان‘‘ کے مقابلے میں ’’رئیس‘‘ کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے، اپنے ایک انٹرویو میں سلمان خان نے کہا کہ ماضی میں دونوں اداکاروں کی فلمیں ’’جان من‘‘ ،’’ڈان‘‘ جب کہ ’’سانوریا‘‘ اور ’’اوم شانتی اوم‘‘ایک ساتھ ریلیز کی گئیں، دونوں دفعہ شاہ رخ خان کی فلموں نے ان کے مقابلے میں زیادہ کامیابی حاصل کی جس کے باعث شاہ رخ خان کا ریکارڈ ان سے 100 فیصد بہتر ہے۔

اس صورت حال میں ان کے علاوہ کسی کو فکر لاحق نہیں ہونی چاہئے۔ واضح رہے کہ شاہ رخ خان اورسلمان خان کے درمیان کئی برسوں کے بعد دوستی دوبارہ عروج پر پہنچ چکی ہے، جس کی وجہ سے سلمان خان، شاہ رخ خان اور عامر خان کے لیے اپنی نئی آنے والی فلم’’ بجرنگی بھائی جان‘‘کی اسپیشل اسکریننگ کا ارادہ رکھتے ہیں۔