شاہ رخ بےکار مگر سلمان بہتر جج ہیں۔ فرح خان

 Farah Khan

Farah Khan

نئی دہلی (جیوڈیسک) بالی وڈ میں رقص اور ہدایت کاری کی مہارت کے علاوہ فرح خان اپنے بے باک بیانات کے لیے بھی کافی سرخیوں میں رہتی ہیں۔

فرح خان اس بار ٹی وی پر نشر ہونے والے معروف رقص شو’جھلک دکھلا جا‘ سیزن 9 کے لیے جج متعین کی گئی ہیں۔

انھوں نے میڈیا سے بات چیت کے دوران جھلک دکھلا جا کے گذشتہ چار سیزن کے جج رہنے والے کرن جوہر کو بوڑھا کہہ دیا۔

اتنا ہی نہیں، کسی بھی ریئیلٹی شو کو جج کرنے کے معاملے میں فرح نے کنگ خان شاہ رخ کو بطور جج بےکار اور سلمان کو بہتر کہا ہے۔

فرح خان کے مطابق کرن جوہر اب کسی بھی شو میں جج کی ذمہ داری نبھانے میں ماہر ہو چکے ہیں لیکن اس معاملے میں شاہ رخ اپنی دریا دلی دکھاتے ہوئے کسی کو بھی 10 میں سے 10 نمبر تک دے دیتے ہیں۔

فرح کہتی ہیں کہ منصفی کے معاملے میں سلمان کی سمجھ غضب کی ہے، ’وہ ایمانداری سے کام لیتے ہیں اور جذباتی ہوئے بغیر شو کو جج کرتے ہیں۔‘

ٹی وی پر رقص سے متعلق کئی پروگرام کی جج رہنے والی فرح کہتی ہیں: ’جب بھی کوئی رقص ریئیلٹی شو ٹی وی چینلز پر آتا ہے تو میں اسے ضرور دیکھتی ہوں۔ اس شو میں جو بھی غلطیاں یا تجاویز ہوتی ہیں، میں انھیں چینل یا شو کے جج سے ضرور شیئر کرتی ہوں۔‘

وہ کہتی ہیں: ’اس کے علاوہ بگ باس بھی دیکھتی ہوں اور اپنی رائے سلمان خان سے شیئر کرتی ہوں۔‘

اس بار ’جھلک دکھلا جا‘ سیزن 9 میں اداکارہ جیکولین فرنینڈس بھی بطور جج اپنا ہنر دکھاتی نظر آئیں گی۔