شہباز شریف سے چوہدری نثار کی چند روز کے دوران تیسری ملاقات

Chaudhry Nisar - Shahbaz Sharif

Chaudhry Nisar – Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے چند روز کے دوران چوہدری نثار نے تیسری ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما چوہدری نثار علی خان اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران پارٹی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں شہباز شریف نے دورہ کراچی اور پشاور پر چوہدری نثار سے تبادلہ خیال کیا جب کہ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کو مضبوط بنانے اور آئندہ الیکشن کے بارے میں بھی گفتگو ہوئی۔

یاد رہے کہ شہباز شریف اور چوہدری نثار کی تقریباً دو ہفتوں کے دوران یہ تیسری ملاقات ہے جب کہ اس سے قبل افواہیں سرگرم تھیں کہ چوہدری نثار پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔

چوہدری نثار اور شہباز شریف کے درمیان 2 اپریل کو ہونے والی 45 منٹ کی ملاقات کے دوران ملکی حالیہ سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی جب کہ اس دوران چوہدری نثار نے انہیں اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا تھا۔

ملاقات کے دوران شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار پارٹی کا اثاثہ ہیں انہیں پارٹی کے ساتھ چلتے رہنا چاہیے، حالات آہستہ آہستہ ٹھیک ہوجائیں گے۔