صرف اللہ سے ڈرتے ہیں کسی انسان کے آگے نہیں جھکیں گے، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم صرف اللہ سے ڈرتے ہیں اور کسی انسان کے آگے نہیں جھکیں گے۔

لاہور میں اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب کے اسپتالوں میں خواتین، بچوں اور بوڑھوں کا بہترین علاج کیا جارہا ہے، ہر ضلع میں نئی سی ٹی اسکین مشینیں لگ گئیں ہیں، میواسپتال کے سرجیکل ٹاور میں یورپ کی طرح ہر قسم کی طبی سہولت موجود ہے۔ ہم نے پنجاب بھر میں اسپتالوں کا جال بچھایا لیکن خیبرپختونخوا میں اداروں کو تباہ کردیا گیا، پشاور میں پانچ سال میں ایک بھی اسپتال نہیں بنایا گیا۔ آصف زرداری نے کراچی کو کرچی کرچی کردیا جب کہ یوٹرن خان نے خیبرپختونخوا کو اجاڑ دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اللہ سے ڈرتے ہیں کسی انسان سے نہیں ڈرتے، کسی انسان کے آگے نہیں جھکیں گے۔ میں نے اپنی صحت کو داؤ پر لگا کر عوام کی خدمت کی لیکن مٹھی بھر لوگ سیاسی مقاصد کے لئے احتجاج کرتے ہیں، ہم اس کو برداشت نہیں کر سکتے، پی ٹی آئی نے اورنج لائن منصوبے کے خلاف عدالتوں میں درخواستیں دائر کرکے لاہور کے ساتھ زیادتی کی، اب پی ٹی آئی سے بدلہ لینے کا وقت آگیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یوٹرن خان، جھوٹ خان صاحب، الزام خان صاحب کہتے ہیں میں نے کے پی کے کی حالت بدل دی،انہوں نے خیبر پختونخوا کو برباد کرکے رکھ دیا۔ خیبر پختونخوا میں احتساب کمیشن کو بند کر دیا گیا، نیب یا جتنے بھی ادارے ہیں دن رات کھوج لگائیں، اگر ایک پیسے کی بھی کرپشن آ گئی تو آپ کا ہاتھ اور میرا گریبان ہو گا۔