موقع ملا تو سندھ کو پنجاب بنا دیں گے، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

مٹیاری (جیوڈیسک) وزیرِاعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سندھ پہلے اور پنجاب بعد میں ہے، ہم نے مل کر پاکستان کو بنانا ہے۔

وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور پنجاب ہے تو پاکستان ہے۔ اگر سندھ ترقی نہیں کرتا تو پاکستان نہیں کر سکتا۔ سندھ کے لوگوں نے پاکستان کے لیے قربانیاں دیں۔ سابق وزرائے اعظم ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے دور میں سندھ میں کام ہوا لیکن آصف زرداری نے سندھ کو تباہ وبرباد کیا۔

صوبہ سندھ کے علاقے مٹیاری میں جلسے سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ اب سندھی عوام کے ساتھ ہوئے ظلم وستم کا بدلہ لینے کا وقت آ گیا ہے۔ شاہ لطیف بھٹائی کی عظیم سرزمین پر میرا پہلا جلسہ ہے۔ میں یہاں کی عوام کیلئے نواز شریف کا پیغام لے کر آیا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری نے صوبہ سندھ کو لوٹا ہے، آج سندھ بے حال صرف زرداری خوشحال ہے۔ سندھ کی ساری سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں نہیں ہیں۔ زرداری اربوں روپے دبئی لے گئے اور واسکٹ پہن کر حکومت بنانے کا بھاشن دیتے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر 2018ء کے انتخابات میں انھیں عوام نے موقع دیا تو وہ سندھ کو پنجاب کی طرح بنا دیں گے۔ وہ صوبہ سندھ میں تعلیمِ، صحت پر خصوصی توجہ دیں گے اور روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ پہلے اور پنجاب بعد میں ہے، ہم نے مل کر پاکستان کو بنانا ہے۔