گو نواز گو بہت ہو گیا اب شہباز شریف کی باری ہے: عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

گجرات (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ گونواز گو بہت ہوگیا اب شہباز شریف کی باری ہے۔ گجرات میں ٹانڈہ کے مقام پر کارکنوں سے خطاب میں عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب عدالت نااہل قرار دیتی ہے تو کہا جاتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا، نواز شریف لوگوں کو پاگل بنا رہے ہیں، وہ بتائیں ان کے پاس اربوں روپے کہاں سے آئے؟ جب اربوں روپے کی پراپرٹی نکل آئی تو نواز شریف کو بتانا چاہیے تھا کہ وہ کیسے بنائی۔

انہوں نے کہا کہ یہ 30 سال سے باریاں لے رہے ہیں، یہ امیر اور ہم غریب ہوئے، اب گو نواز گو بہت ہو گیا، اب چھوٹےکی باری ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم ایک نئی قسم کی سیاست کر رہے ہیں، نئے پاکستان میں انسانوں پر پیسا خرچ ہو گا، ہم ایسے امیدوار دیں گے جو ہم سے مل کر تبدیلی لائیں گے۔

دوسری جانب شہباز شریف کی جانب سے نوازشریف کو قائداعظم کا سیاسی وارث قرار دینے پر عمران خان نے شدید رد عمل کا اظہار کیا۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ کدھر قائداعظم اور شہباز شریف اور نوازشریف کدھر تم، شہبازشریف تمہیں اتنا بڑا جھوٹ بولتے شرم نہیں آتی۔

عمران خان نے مزید کہا کہ نوازشریف تو فارغ ہوگئے اور شہبازشریف تمہاری باری آنے والی ہے۔

گجرات میں ہی جی ٹی ایس جلسہ گاہ میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں چھوٹا ڈاکو جیل میں اور بڑا ڈاکو ملک کا وزیراعظم بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس ملک کا وزیراعظم چور ہو وہ ترقی نہیں کرسکتا، اگر گھر کا سربراہ ہی گھر کو لوٹتا رہے تو گھر کا کیا حال ہوگا؟

عمران خان نے کہا کہ یہاں سے پیسہ چوری کرکے باہر لے جایا گیا اور ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی بڑھ گئی۔

انہوں نے کہا کہ چین نے 3 سال میں ساڑھے 450 وزیروں کو کرپشن کے الزام میں جیل میں ڈالا۔

عمران خان نے کہا کہ جس شخص کے بارے میں پارٹی ممبر بتائیں گے کہ وہ بندہ عوام کی خدمت کرنے والا ہے اس کو ٹکٹ دیں گے ،تحریک انصاف مستقبل کی جماعت ہے جو نوجوانوں کا مستقبل ٹھیک کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکول میں ایسی تعلیم دیں گے کہ وہاں کے بچے وزیراعظم بن سکیں گے، اپنے ممبران سے پوچھیں گے کہ کس کو پارٹی ٹکٹ دیا جائے، تحریک انصاف جمہوری پارٹی ہوگی خاندانی نہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ گو نواز گو، کیوں نکالا تو ہوگیا اب شہباز شریف کی باری ہے، 30 سال سے یہ خاندان ملک کو لوٹ رہا ہے، جو پیسہ یہ باہر لے کر جا رہے ہیں ہم اپنے نوجوانوں، کسانوں اور عوام پر خرچ کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ جیسے ہی یہ جائیں گے ملک کے ادارے مضبوط ہوں گے، تحریک انصاف کے جنون کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔