شہباز شریف اور عمران خان کے ساتھ کام کرنے کے موڈ میں نہیں ہوں: بلاول بھٹو

Bilawal Bhutto

Bilawal Bhutto

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جماعت آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات میں 2013 کی نسبت بہتر کارکردگی دکھائے گی۔

ایک انٹرویو کے دوران بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ملک کی بنیادیں ہل چکی تھیں لیکن ہم نے نہ صرف جمہوریت کو بحال کیا بلکہ آمر کو بھی نکالا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف سازشیں ہوئیں لیکن شہید بے نظیر کا بیٹا ہوں اور چیلنجز کو قبول کرتا ہوں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ میرا پہلا الیکشن ہے اور اپنے انتخابی منشور کے ساتھ آیا ہوں، پیپلز پارٹی پورے پاکستان سے الیکشن لڑ رہی ہے اور ہم 2013 کے مقابلے میں اگلے ماہ ہونے والے انتخابات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی کے ساتھ کام کرنے کے موڈ میں نہیں ہوں کیونکہ ن لیگ دھوکا دیتی ہے اور پی ٹی آئی یوٹرن لیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور عمران خان کے ساتھ نظریاتی اختلافات ہیں لیکن جو پیپلز پارٹی کے منشور کو مکمل کرنے میں ساتھ دے گا اس کے ساتھ اتحاد ہو سکتا ہے۔

وزیراعظم بننے سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ انتخابات میں اکثریت ملی تو اس حوالے سے فیصلہ پارٹی کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم آصف زرداری بنیں گے یا میں، اس کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔