شاہد آفریدی نے افغان کرکٹ لیگ کے ساتھ معاہدہ ختم کر دیا

Shahid Afridi

Shahid Afridi

لاہور (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے افغان کرکٹ لیگ کے ساتھ معاہدہ ختم کرتے ہوئے کھیلنے سے معذرت کر لی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ میں افغانستان کی حکومت، مسلم یار صاحب اور سپنگر ٹائیگرز کا تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے مجھے وہاں کھیلنے کی دعوت دی، تاہم میں فیملی ایشوز کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کر سکتا۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شاہد آفریدی کو افغان کرکٹ لیگ کھیلنے کی اجازت دیدی تھی۔ چیئرمین نجم سیٹھی کے مطابق شاہد آفریدی ریٹائر ہو چکے ہیں، اب وہ عالمی لیگز کھیلنے کے لئے آزاد ہیں۔ انہیں بورڈ کے این او سی کی ضرورت نہیں ہے۔ دوسری جانب پی سی بی نے افغان بورڈ سے کشیدہ تعلقات پر قومی کرکٹرز کو این او سی جاری نہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس سے پہلے مصباح الحق اور عبد الرزاق سمیت متعدد کرکٹرز بورڈ کی اس پابندی کا شکار ہو چکے ہیں۔

پی سی بی اور افغان بورڈ کے درمیان افغانستان کی جانب سے پاکستان میں میچ کھیلنے سے انکار کے بعد سے تعلقات کشیدہ ہیں۔ آفریدی نے منگل کو لیگ میں شمولیت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جہاں کھیلتے ہیں، پاکستان ہی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ آفریدی اس وقت انگلینڈ میں ٹی ٹونٹی لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں، جہاں انہوں نے ہمپشائر کے لیے ایک شاندار سنچری بھی سکور کی تھی۔