شاہد آفریدی نے کپتانی چھوڑنے کا اعلان کر دیا

Shahid Afridi

Shahid Afridi

لاہور (جیوڈیسک) قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی نے ٹیم کی کپتانی سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے تاہم بطور کھلاڑی ان کی خدمات ٹیم کو دستیاب ہوں گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر ایک بیان میں شاہد آفریدی نے کہا کہ پی سی بی نے انہیں قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کا موقع دیا جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں لیکن وہ ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی میں عوامی امنگوں کے مطابق پرفارم نہیں کرسکے جس کا انہیں شدید دکھ ہے۔

یاد رہے کہ شاہد آفریدی نے بطور لیگ سپنر 1998 ء میں قومی ٹیم میں شمولیت اختیار کی تھی اور کیریئر کے دوسرے ہی میچ میں 37 گیندوں پر سنچری سکور کر کے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا تھا۔

شاہد آفریدی نے قومی کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں قیادت کی تھی لیکن اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی تھی جس پر شاہد آفریدی کی کپتانی اور ان کی ذاتی پرفارمنس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔