شاہد آفریدی کو کھلانے کا فیصلہ بورڈ نے کرنا ہے:شہریارخان

Shahryar Khan

Shahryar Khan

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کہتے ہیں کہ شاہد آفریدی ریٹائر نہیں ہونا چاہتے نہ ہوں، بورڈ فورس نہیں کرے گا، لیکن انہیں کھلانے کا فیصلہ تو بورڈ ہی نے کرنا ہے۔

شاہد آفریدی کو اپنے بیٹ پر قابو ہے نہ زبان پر، جو دل میں آتا ہے بول جاتے ہیں،لیکن ابھی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی تو شروع بھی نہیں ہوا موصوف نے فرمادیا کہ فیملی اور احباب کا دباؤ ہے کہ ابھی ریٹائرمنٹ نہ لوں ۔

اس پر بورڈکے چیئرمین شہریار خان کہتے ہیں کہ شاہد آفریدی ریٹائرنہیں ہونا چاہتے نہ ہوں،لیکن کھلانے کا فیصلہ تو بورڈ ہی نے کرنا ہے،چیئرمین نے انکشاف کیا کہ شاہد آفریدی نے خود ان سے کہا تھا کہ اگر انہیں کپتان بنانا ہے تو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی تک بنائیں ۔

چیئرمین نے جو جواب دیاسو دیا،لیکن مبصرین کہتے ہیں کہ شہریار خان کے بیان کا وقت درست نہیں،سکندر بخت کہتے ہیں کہ بورڈ نے آفریدی کو واضح پیغام دیا ہے،
سابق کپتان محمد یوسف کا خیال ہے کہ بورڈ اسپانسرز کے دباؤ پر بھی کچھ کھلاڑیوں کو مجبوراً کھلاتا ہے

شہریارخان کا مزید کہنا ہے کہ کھیل اورسیاست کو الگ ہونا چاہیے،کسی کھلاڑی پردباؤ نہیں ڈالتے کہ وہ ریٹائر ہو جائے، شاہد آفریدی میڈیا میں بات کرنے کی بجائے مجھ سے بات کریں،ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں رہی،آفریدی کو ورلڈکپ کے بعد ریٹائرمنٹ کی شرط پرکپتان بنایا،ہم فیصلہ کریں گے کہ آفریدی بطور کپتان کھیلیں گے یا کھلاڑی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شرمین نے دومرتبہ آسکرجیتا ہے، ان کو مبارک بات دیتے ہیں،عامر کی بولنگ شاندار تھی، ہم ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے، سیکیورٹی کی ذمہ داری بھارت کی ہے۔