شاہد آفریدی نے فٹنس ٹیسٹ میں شرکت سے معذرت کرلی

Shahid Afridi

Shahid Afridi

لاہور (جیوڈیسک) سابق ٹی ٹوینٹی کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ گھٹنے میں تکلیف کے باعث کوئی رسک نہیں لے سکتا اپنی عدم دستیابی سے متعلق پی سی بی کو آگاہ کردیا ہے۔

لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ آج سے شروع ہوگئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ کی تیاری کےلئے 13 مئی سے شروع ہونے والے تربیتی کیمپ میں شاہد آفریدی ، احمد شہزاد اور عمر اکمل کو شامل نہیں کیا تھا لیکن گزشتہ روز پی سی بی نے فٹنس ٹیسٹ میں تینوں کھلاڑیوں کو طلب کرلیا تھا۔ تاہم شاہد آفریدی نے فٹنس ٹیسٹ میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔

سابق ٹی ٹوینٹی کپتان شاہدآفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں نے پی سی بی کو اپنی عدم دستیابی سے متعلق آگاہ کردیا ہے، گھٹنے میں تکلیف کے باعث میں فٹنس ٹیسٹ دینے کے قابل نہیں اس لئے کوئی رسک نہیں لے سکتا۔ فی الحال ہیمشائر کاؤنٹی کی جانب سے ٹی ٹوینٹی میچز کےلئے فٹنس کی بحالی میں کوشاں ہوں اور کاؤنٹی کرکٹ میں فٹنس کی بحالی کے بعد جیسے ہی ٹیسٹ دینے کے قابل ہوا توآفیشل ٹیسٹ کے لئے بورڈ کے سامنے پیش ہوجاؤں گا۔

اس سے پہلے پی سی بی نےشاہدآفریدی کےفٹنس ٹیسٹ دینے سے متعلق پریس ریلیزجاری کی تھی۔ پی سی بی حکام کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی 10 مئی کے بعد فٹنس ٹیسٹ دیں گے لیکن شاہد آفریدی کے ٹویٹر پیغام کے بعد اب پی سی بی کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے اپنی عدم دستیابی سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔ دوسری جانب قومی ٹیسٹ کپتان مصباح الحق عمرے کی ادائیگی کے باعث فٹنس ٹیسٹ کےلئے شریک نہیں ہوسکے جبکہ عماد وسیم اور محمد حفیظ بھی ان فٹ ہیں۔

واضح رہے کہ پی سی بی کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام کھلاڑیوں کے لئے فٹنس برقرار رکھنا لازمی ہے۔ تیرہ مئی تک جاری فٹنس ٹیسٹ ڈیٹا کا گذشتہ ریکارڈ سے موازنہ کیا جائے گا۔ جن کھلاڑیوں کی فٹنس کا معیار گرا ہوگا ان پر جرمانے عائد کئے جائیں گے اور فٹنس بہتر بنانے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔