شاہد آفریدی، عمر اکمل اور احمد شہزاد دورہ انگلینڈ سے ڈراپ

Shahid Afridi, Umar Akmal amd Ahmed Shahzad

Shahid Afridi, Umar Akmal amd Ahmed Shahzad

لاہور (جیوڈیسک) قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر اور سابق کپتان انضمام الحق نے دورہ انگلینڈ کے لئے لگائے جانے والے تربیتی کیمپ میں شرکت کرنے والے 35 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے جب کہ شاہد آفریدی، عمر اکمل اور احمد شہزاد کو اہم دورے سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ دورہ انگلینڈ کے لئے ٹریننگ کیمپ میں 35 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے جب کہ تربیتی کیمپ کے لئے شاہد آفریدی، عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ڈراپ کر دیا گیا ہے، عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ڈسپلن کی وجہ سے ڈراپ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دورہ انگلینڈ کے لئے تربیتی کیمپ 14 مئی سے 4 جون تک ایبٹ آباد میں لگے گا جس میں کھلاڑیوں کی فٹنس پر بھرپور توجہ دی جائے گی لیکن ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم نے اگلے 14 ماہ میں صرف 6 ٹی ٹوئنٹی کھیلنے ہیں اس لئے شاہد آفریدی کو مستقبل قریب میں ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا، میرا خیال ہے کہ ٹی ٹوئنٹی میں زیادہ سے زیادہ نوجوان کرکٹرز کو موقع دینا چاہیئے، میں یہ نہیں کہتا کہ شاہد آفریدی کی کرکٹ ختم ہوگئی، اگر وہ پرفارم کرے گا تو اسے ضرور شامل کیا جائے گا۔

سلمان بٹ کے حوالے سے چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ سلمان بٹ بہت اچھا کھلاڑی ہے اور اس نے ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان کپ میں اچھی کاکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن میرا خیال ہے کہ تقریباً 6 برس بعد کرکٹ میں سلمان بٹ کی واپسی ہوئی ہے اس لئے انھیں ابھی 4 روزہ میچز کھیلنے چاہیئیں تاکہ وہ بھرپور طریقے سے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آ سکے۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی مکمل طور پر با اختیار ہے لیکن پی سی بی حکام ہمیں مشورہ ضرور دے سکتے ہیں، نہ کسی کو فیور دوں گا اور نہ ہی کسی کے ساتھ زیادتی کروں گا، عبدالرزاق سمیت جو کھلاڑی بھی کارکردگی دکھائے گا اسے ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ محمد، عرفان کو دورہ انگلینڈ کے لئے آرام دیا گیا ہے جب کہ حفیظ اور عماد وسیم دوڑنے کے قابل نہیں رہے، پہلے ہی بہت مشکل سے آل راؤنڈرز ڈھوے ہیں، عماد وسیم بیٹنگ میں بہتر پرفارم کرے گا تو اس کے نام پر ضرور غور کریں گے۔

قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں شامل اوپنرز میں محمد حفیظ، سمیع اسلم، افتخار احمد، اظہر علی، شرجیل خان، خرم منظور اور شان مسعود شامل ہیں، مڈل آرڈر بلے بازوں میں یونس خان، مصباح الحق، اسد شفیق، شعیب ملک، بابر اعظم، حارث سہیل، خالد لطیف، فواد عالم اور اکبرالرحمان جب کہ آل راؤنڈرز میں انور علی اور بلاول بھٹی کے نام شامل ہیں۔ وکٹ کیپر کے لئے تین کھلاڑی سرفراز احمد، محمد رضوان اور عدنان اکمل کو شامل کیا گیا ہے۔

فاسٹ بولرز میں محمد عامر، راحت علی، عمران خان، سہیل خان، وہاب ریاض، جنید خان اور حسن علی شامل ہیں۔ اسپنرز میں یاسر شاہ، ذوالفقار بابر، محمد اصغر، عماد وسیم، بلال آصف، ذوہیب خان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اے ٹیم کے لئے بھی 25 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔ انضمام الحق نے کہا کہ قومی ٹیم کا جو بھی کوچ ہوگا اس کے لئے 60 کھلاڑیوں میں سے ٹیم کا انتخاب کرنا مشکل نہیں ہوگا۔