شاہد خاقان کی گاڑی کا گھیراؤ، لیگی کارکنان کے ‘گو عباسی گو’ کے نعرے

Shahid Khaqan Abbasi

Shahid Khaqan Abbasi

کہوٹہ (جیوڈیسک) ن لیگی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو انتخابی مہم کے دوران خفت کا سامنا کرنا پڑا جب لیگی کارکنان نے آبائی حلقے دکھالی کے دورے کے دوران گو عباسی گو کے نعرے لگائے اور ان کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا۔ پولیس کی مداخلت پر راستہ ملا۔

ن لیگی کارکنان نے بجلی، گیس اور سڑکوں جیسی سہولتیں نہ ملنے پر شاہد خاقان عباسی کے آبائی حلقے پہنچنے پر گاڑی کا گھیراؤ کر کے شدید احتجاج کیا۔ کارکنان نے گو عباسی گو کے نعرے لگائے اور ان کا راستہ کافی دیر روکے رکھا تاہم پولیس کی مداخلت پر شاہد خاقان عباسی کو راستہ ملا۔

اس موقع پر ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سب جانتے ہیں ملکی مسائل صرف ن لیگ ہی حل کرسکتی ہے، مشکلات کے باوجود نوازشریف نے پاکستان کی خدمت کی، اس سے پہلے بھی حکومتیں رہیں لیکن کام نہ ہونے کے برابرہے، کچھ لوگ گیس اوربجلی نہ ملنےپر ناراض ہیں۔ تھوڑاصبرکرلیں، منصوبے مکمل ہو رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی انتخابی مہم کے سلسلے میں آبائی حلقہ دکھالی آئے تھے۔