شاہ رخ خان اور انوشکا شرما نے کپل شرما شو کی شوٹنگ ادھوری چھوڑ دی

Shahrukh Khan - Anushka Sharma

Shahrukh Khan – Anushka Sharma

ممبئی (جیوڈیسک) تفصیلات کے مطابق شاہ رخ خان اور انوشکا شرما اپنی نئی فلم جب ہیری میٹ سیجل کی تشہیری مہم کے سلسلے میں کپل شرما شو میں شرکت کے لیے آئے تاہم شو کی شوٹنگ کے دوران میزبان کپل شرما کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔

کپل جیسے ہی چیک اپ کیلئے جانے لگے، اسی دوران وہ سیٹ پر گر گئے اور بے ہوش ہو گئے۔ جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ان کی خراب طبعیت کی وجہ سے شوٹنگ منسوخ کر دی گئی جب کہ شاہ رخ خان اور انوشکا شرما کو واپس جانا پڑا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کپل شرما پر ان دنوں بہت زیادہ ذہنی دباؤ ہے جس کی وجہ سے ان کی صحت بھی تیزی سے گر رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کامیڈین سنیل گروور سے جھگڑے اور ان کے شو چھوڑنے کے بعد کپل شرما شو کی مقبولیت میں مسلسل کمی ہو رہی ہے اور کپل شرما اپنے شو کی مقبولیت کو برقرار رکھنے کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں۔