شاہ رخ خان نے بیمار عرفان خان سے دوستی کا حق نبھایا

Irfan Khan - Shahrukh Khan

Irfan Khan – Shahrukh Khan

ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ کے نامور اداکار عرفان خان کی بیماری کی خبر سن کر ان کے مداح اداس ہونے کے ساتھ ساتھ کافی حیران بھی ہوئے تاہم شاہ رخ خان نے ان سے دوستی کا حق نبھاتے ہوئے لندن میں موجود اپنے گھر کی چابیاں‌ تھما دیں بلکہ دوستی کے ناطے مزید ساتھ دینے کا وعدہ کیا.

اداکار نے 16 مارچ 2018 کو مداحوں کو باخبر کیا تھا کہ ان میں نیورو اینڈوکرائن ٹیومر نامی مرض کی تشخیص ہوگئی ہے، جس کے علاج کے لیے وہ بیرون ملک جائیں گے۔ عرفان خان اس وقت اپنی فیملی کے ساتھ لندن میں موجود ہیں، جہاں ان کا اعلان جاری ہے۔ تاہم عرفان خان کے لندن روانہ ہونے سے قبل ان کی مدد کرنے کے لیے بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان سب سے پہلے پہنچے۔

ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق عرفان خان کی اہلیہ سوتاپا نے شاہ رخ خان کو لندن جانے سے کچھ روز قبل فون کیا جس کے بعد شاہ رخ فوری طور پر عرفان خان کے گھر ان سے ملاقات کرنے پہنچے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ شاہ رخ نے عرفان خان کے ساتھ دو گھنٹے سے زائد بات چیت کی، جس کے بعد واپس جانے سے قبل اداکار نے عرفان خان کو لندن میں موجود اپنے گھر کی چابیاں دے کر انہیں وہاں رہنے کی پیشکش کی۔ عرفان خان اور ان کی فیملی نے شاہ رخ کے اس عمل کو خوشی خوشی قبول کرتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

خیال رہے کہ حال ہی میں عرفان خان کا بھارتی اخبار میں ایک خط شائع ہوا، جس میں اداکار نے واضح کیا کہ ان کی بیماری معمولی نہیں بلکہ بڑی ہے اور انہوں نے اب اس بیماری کو تسلیم کرکے اس کے آگے سر تسلیم خم کر دیا ہے۔ اخبار میں شائع ان کے لمبے چوڑے خط میں انہوں نے ہسپتال میں اپنے علاج، لندن میں اپنی مصروفیات، اپنے خیالات اور ذہنی حالت سے متعلق بھی کھل کر بات کی تھی۔ اداکار کی باتوں سے اندازہ ہورہا تھا کہ اگرچہ وہ مایوس نہیں تاہم وہ سخت ذہنی اذیت کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، ساتھ ہی انہیں بیماری کے باعث پہنچنے والی تکلیف کا بھی پتہ چلتا ہے۔

واضح رہے کہ نیورو اینڈوکرائن ٹیومر ایسی رسولی ہے جو کہ ہارمونل اور اعصابی نظام کے خلیات میں نمایاں ہوتی ہے۔عام طور پر اس مرض میں ہارمون پیدا کرنے والے اعصابی خلیات میں ٹشوز کی نشوونما غیرمعمولی ہوجاتی ہے، عموماً آنتوں میں یہ مرض سامنے آتا ہے، مگر یہ مرض لبلبے، پھیپھڑوں اور جسم کے کسی بھی حصے میں بھی نمودار ہوسکتا ہے۔ امید ہے عرفان خان جلد صحت یاب ہوکر واپس اپنی فلموں میں کام کا آغاز کریں گے۔