شہریار خان پی ایس ایل میں ہارون رشید کی کمنٹری پر ناخوش

Shahryar khan

Shahryar khan

لاہور (جیوڈیسک) کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان پاکستان سپر لیگ میں چیف سلیکٹر ہارون رشید کی کمنٹری پر ناخوش ہیں۔

چیف سلیکٹر ہارون رشید کہتے ہیں کہ میچ کے دوران مقامی ریڈیو کے دفتر میں دوست سے ملنے گیا تھا،اگر وہاں میری آواز چل گئی ہو تو کچھ نہیں کہہ سکتا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے چیف سلیکٹر ہارون رشید کے پاکستان سپر لیگ میں کمنٹری کرنے پر سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے جبکہ ہارون رشید کہتے ہیں کہ وہ کمنٹری کرنے نہیں گئے اور وہ جو کام کرتے ہیں اجازت سے کرتے ہیں۔

شہریار خان نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں کہا کہ وہ ہارون رشید کے کمنٹری کرنے سے وہ بالکل خوش نہیں، وہ یہ ضرور معلوم کریں گے کہ ہارون رشید کمنٹری کیوں کر رہے ہیں۔

ہارون رشید ان دنوں متحدہ عرب امارات میں بیک وقت تین ذمہ داریاں نبھارہے ہیں، قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ،پاکستان سپر لیگ کی ٹیکنیکل کمیٹی کے چیئرمین اور اس کے علاوہ وہ ایک ایف ایم ریڈیو اسٹیشن سے کمنٹری بھی کر رہے ہیں۔

دوسری جانب جیونیوز سے گفتگو میں ہارون رشید نے کہا کہ وہ جو کام کرتے ہیں اجازت سے کرتے ہیں، اگر انہیں کمنٹری کرنی ہو گی تو اس کی بھی اجازت لیں گے، ہارون رشیدنے واضح کیا کہ وہ مقامی ریڈیو پر اپنے دوست سے ملنے گئے تھے اگر وہاں ان کی آواز نشر ہو گئی ہو تو وہ کچھ نہیں کہہ سکتے ۔