حصص مارکیٹ ؛ بجٹ توقعات پر زبردست خریداری، 505 پوائنٹس کا اضافہ

Stock Exchange

Stock Exchange

کراچی (جیوڈیسک) بجٹ سے مثبت توقعات، لسٹڈ کمپنیوں کے اچھے مالیاتی نتائج کے باعث عمومی سرمایہ کاروں کی حصص کی خریداری میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو ایک بارپھر تیزی کی بڑی لہر رونما ہوئی۔

جس سے انڈیکس کی45400، 45500، 45600، 45700 اور45800 پوائنٹس کی 5 حدیں بیک وقت بحال ہوگئیں، تیزی کے سبب63.10 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں83 ارب15 کروڑ49 لاکھ11 ہزار401 روپے کا اضافہ ہو گیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ کاروباری دورانیے میں میوچل فنڈز اور بینکنگ سیکٹر کی جانب سے سرمائے کا انخلا بھی دیکھنے میں آیا لیکن عمومی خریداروں کے علاوہ غیرملکیوں کی سرمایہ کاری کی وجہ سے کاروباری دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں ہی رہی اور تیزی کا رحجان غالب رہا۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 504.74 پوائنٹس کے اضافے سے 45876.70 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 282.08 پوائنٹس بڑھ کر 22628.25، کے ایم آئی30 انڈیکس 876.80 پوائنٹس کے اضافے سے77907.50 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 169.60 پوائنٹس بڑھ کر22678.97 ہوگیا، کاروباری حجم پیر کی نسبت37 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر15 کروڑ42 لاکھ82 ہزار510 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار393 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں248 کے بھاؤ میں اضافہ، 127 کے داموں میں کمی اور18 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔