حصص مارکیٹ میں فروخت کا دباؤ، مزید182پوائنٹس کی کمی

Karachi Stock Market

Karachi Stock Market

کراچی (جیوڈیسک) یونان کے معاشی بحران سے گلوبل، ریجنل مارکیٹوں کے علاوہ چین کی مارکیٹ میں مستقل مندی کے رحجان نے کراچی اسٹاک ایکس چینج کی سرگرمیوں کو بھی اپنے زیراثرلے لیا جہاں جمعرات کو بھی مندی کے بادل چھائے رہے۔

جس سے انڈیکس کی35300 اور35200 پوائنٹس کی 2 مزید حدیں بیک وقت گرگئیں، مندی کے باعث48.38 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید24 ارب15 کروڑ45 لاکھ روپے ڈوب گئے، کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر39 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی جو وقفے وقفے سے فروخت کا رحجان غالب ہونے سے زیادہ دیر تک برقرار نہ رہ سکی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس181.70 پوائنٹس کی کمی سے 35147.13 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس132.03 پوائنٹس کی کمی سے21930.55 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس392.42 پوائنٹس کی کمی سے58319.41 ہوگیا، کاروباری حجم بدھ کی نسبت10.27 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر36 کروڑ41 لاکھ13 ہزار630 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار372 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں168 کے بھاؤ میں اضافہ، 180 کے داموں میں کمی اور24 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔