شریف برادران عوام کے خون کا آخری قطرہ بھی چوس لینا چاہتے ہیں: بلاول بھٹو

 Bilawal Bhutto

Bilawal Bhutto

کراچی (جیوڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے تیل قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ لگتا ہے شریف برادران نے جاتی امرا کسی نئے ملک میں بنانے کی ٹھان لی ہے، عوام کا معاشی قتل کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ شریف برادران عوام کے خون کا آخری قطرہ بھی چوس لینا چاہتے ہیں، تیل کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا ہر فورم پر نون لیگ کی طرف سے معاشی حملے کا مقابلہ کریں گے۔

خیال رہے حکومت نے اوگرا کی سفارش پر گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 سے 6 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا۔ وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 2 روپے 98 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 92 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 93 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 94 پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مٹی کا تیل 70 روپے 26 پیسے فی لٹر، لائٹ ڈیزل 64 روپے 30 پیسے فی لٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل 95 روپے 83 پیسے اور پٹرول کی نئی قیمت بڑھ کر 84 روپے 51 فی لٹر ہو گئی ہے۔