شریف برادران جب بھی اقتدار میں آئے انہوں نے بیرون ممالک میں ذاتی تجارتی مراسم قائم کئے۔ رانا سفیان

PTI

PTI

فیصل آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رانا سفیان ارشد نے کہا ہے کہ شریف برادران جب بھی اقتدار میں آئے انہوں نے بیرون ممالک میں ذاتی تجارتی مراسم قائم کئے ہیں ملکی سطح پر مراسم کو بالائے طاق رکھا گیا جس کی وجہ سے آج پاکستان دنیا بھر میں تنہائی کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے غلط ترقیاتی منصوبوں کے باعث پاکستان کا بچہ بچہ قرض کے نیچے دبتا جارہا ہے اور اب تو ہر پاکستانی پیدا ہونیوالا بچہ بھی 1 لاکھ سے سوا لاکھ روپے کا مقروض پیدا ہورہا ہے جبکہ وزیر اعظم علاج کے بہانے بیرون ملک عیاشیاں کرنے میں مصروف ہیں ان کے بچے آف شور کمپنیاں اور ملک چلا رہے ہیں جو پاکستان کی بدقسمتی ہے۔

انہوںنے مزید کہا کہ شریف برادران کی نااہلی کے تین سال کے عرصہ کے دوران یہ اپنی خارجہ پالیسی دنیا پر واضح کرنے کیلئے وزیر خارجہ مقرر نہ کرسکے جس سے ان کی نااہلی کا پتہ چلتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان دنیا بھر میں تنہائی کا شکار ہوتا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن پر حکمرانوں کیخلاف کاروائی نہ ہوئی تو پاکستان کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں کرپشن دہشتگردی سے زیادہ خطرناک ہے جو ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرتی ہے کرپشن پر حکمرانوں کیخلاف کاروائی نہ کی گئی تو عوام مجبوراً سڑکوں پر نکل آئینگے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ملکی سطح پر مراسم کو قائم کیا جاتا تو آج پاکستان دنیا بھر میں تنہائی کا شکار نہ ہوتا ضرورت اس امر کی ہے کہ فوری طور پر وزیر خارجہ مقرر کیا جائے تاکہ دنیا بھر میں اپنی خارجہ پالیسی کو وضع کیا جاسکے۔