شریف خاندان جمہوریت قربان کر کے لوٹی رقم بچانا چاہتا ہے: عمران خان

 Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں صرف قائد اعظم کو لیڈر مانتا ہوں، قائد اعظم کی جد و جہد ہی تحریک انصاف کی جد و جہد ہے، نائن الیون کے بعد ہم نے امریکیوں کی مدد کی، مگر بیرون ملک پاکستانیوں کو جیلوں میں ڈالا گیا، نائن الیون کے بعد پاکستانیوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں تھا، مجھے بھی 2 بار کئی گھنٹے تک امریکی ایئرپورٹ پر روکا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شریف خاندان کے دو بھائیوں نے سیاست میں آ کر مال بنایا، پاکستان کو اس وقت نئی سیاست اور نئی سوچ کی ضرورت ہے، کرپٹ سیاست دانوں نے کمیشن سے پیسہ بنایا، طاقتور سمجھتا ہے قانون اس کا احتساب نہیں کر سکتا، جب تک نواز، زرداری ہیں ٹیلنٹ آگے نہیں آ سکتا۔

عمران خان نے کہا کہ ٹیلنٹ کو استعمال کرنے کیلئے ملک میں سسٹم نہیں، چار دن جی ٹی روڈ پر لگا دیئے اور کہتے رہے، مجھے کیوں نکالا؟ جے آئی ٹی کے باہر کہتے ہیں ہمارے سوالوں کے جواب نہیں دیئے، جس معاشرے میں میرٹ ہو وہ نیچے کی طرف نہیں جا سکتا، ہماری خیبر پختونخوا میں سٹیٹس کو سے جنگ چل رہی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کرپٹ لوگوں کی وجہ سے ملک میں غربت ہے، دوستوں، رشتہ داروں والا نہیں، میرٹ والا نظام لانا ہے، آج سے ممبرشپ کیمپئن شروع ہو گی، تحریک انصاف کی مقبولیت عروج پر ہے، متحدہ بانی کے جلسے میں لوگ ایسے ہوتے تھے جیسے مردہ ہوں، ن لیگ کے جلسوں میں قیمے والے نان کی وجہ سے کارکن آتے ہیں، پیپلز پارٹی کے جلسوں کا بھی کوئی حال نہیں، تحریک انصاف کے جلسوں نے سیاست کا کلچر تبدیل کر دیا، تحریک انصاف سوشل میڈیا میں انقلاب لے کر آئی، باقی پارٹیوں کی لیڈرشپ کو سوشل میڈیا کا پتا ہی نہیں تھا۔

عمران خان نے کہا کہ پہلے ہم لوگوں کو پکڑ پکڑ کر ٹکٹ کے لئے لاتے تھے، اب پارٹی میں ٹکٹ کے لئے لڑائیاں ہو رہی ہیں، پارٹی کے اندر جمہوریت کی طرف جا رہے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری شکل سے ہی ڈاکو لگتے ہیں، آصف زرداری کا کرپشن کے خلاف بات کرنا قیامت کی نشانی ہے، سٹیٹ شریف خاندان کو بچانے میں لگی ہوئی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہم پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم نہیں کھڑے ہوں گے تو کیا ہندوستان کھڑا ہو گا؟ پاک فوج فاٹا سے کراچی تک قربانیاں دے رہی ہے، اگر انہوں نے نیب عدالتوں اور انصاف کے عمل میں رکاوٹیں ڈالیں تو مجھے لگتا ہے کہ آخری سٹریٹ موومنٹ کرنا پڑے گی۔