شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز: نواز شریف احتساب عدالت میں پیش

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز میں سابق وزیراعظم میاں نوازشریف، انکی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر احتساب عدالت میں پیش ہو گئے۔ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کر رہے ہیں۔

عدالت نے آج استغاثہ کے مزید 4 گواہان کو طلب کر رکھا ہے جن میں ملک طیب، شہباز، مظہر، بنگش راشد شامل ہیں۔ جوڈیشل کمپلیکس اور اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

واضح رہے اب تک سابق وزیر اعظم نواز شریف 6 مرتبہ، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر 8، 8 مرتبہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ حسن اور حسین نواز ایک مرتبہ بھی عدالت نہیں آئے جس پر انہیں اشتہاری ملزم قرار دے دیا گیا ہے۔ عدالت ملزمان کے دائمی وارنٹ جاری کرنے کا بھی حکم دے گی۔ نواز شریف پر ان کے نمائندے ظافر خان کی موجودگی میں 19 اکتوبر کو 2 ریفرنسز جبکہ 20 اکتوبر کو ایک ریفرنس میں فرد جرم عائد کی گئی۔

خیال رہے عدالت نے گزشتہ سماعت پر کمشنر ان لینڈ ریونیو جہانگیر احمد اور ایس ای سی پی کی افسر سدرہ منصور کے بیانات ریکارڈ کئے جبکہ 2 مزید گواہان کو طلبی کے سمن جاری کئے۔ عدالت نے نواز شریف کو ایک ہفتہ جبکہ مریم نواز کو ایک ماہ کے لئے حاضری سے استثنیٰ دے رکھا ہے۔