شعیب اختر کو آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کمی شدت سے محسوس ہونے لگی

SHOAIB

SHOAIB

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کو انڈین پریمیئر لیگ میں قومی کھلاڑیوں کی کمی شدت سے محسوس ہونے لگی اور اس کا اظہار اسپیڈ اسٹار نے آئی پی ایل کی ایک یادگار تصویر کے ذریعے کیا۔

شعیب اختر نے سماجی رابطوں کی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر آئی پی ایل کے 2008 میں ہونے والے پہلے ایڈیشن کی ایک یادگار تصویر شائع کی جس میں وہ دلی ڈیئرڈیولز کے خلاف شاندار پرفارمنس پر شاہ رخ خان سے خوشی سے گلے مل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل کے پہلے ایڈیشن میں کھیل کر بہت لطف آیا کیوں کہ اس میں پاکستانی کھلاڑی بھی شامل تھے۔

شعیب اختر نے آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کی غیر موجودگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑی عجیب بات ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا موقع میسر نہیں آ رہا۔