قائداعظم ڈے شوٹنگ بال فیسٹیول شہید ملت لیاقت علی خان الیون نے جیت لیا

 KARACHI SHOOTING BALL ASSOCIATION

KARACHI SHOOTING BALL ASSOCIATION

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن نے قائد اعظم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے قائداعظم ڈے شوٹنگ بال فیسٹیول کا انعقاد کیا فیسٹیول واحد اسپورٹس شوٹنگ بال کورٹ کورنگی میں منعقد ہواجو شہید ملت لیاقت علی خان الیون نے دلچسپ مقابلے کے علامہ اقبال الیون کو شکست دے کر جیت لیا تقریب کے مہمان خصوصی انفارمیشن آفیسر ڈی ایم سی کورنگی محمد ارشد تھے مہمان خصوصی کی آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا مہمان خصوصی کا دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا دونوں ٹیموں اور علاقے کے معززین نے مہمان خصوصی کو پھولوں کے ہار پہنا کر ان کا استقبال کیا

ٹیموں سے تعارف کے بعد لیاقت علی خان الیون اور علامہ اقبال الیون کے مابین میچ کا آغاز ہوا میچ آغاز سے اختتام تک دلچسپ اور سنسنی خیز رہااور دونوں ٹیموں نے جیت کے لیے سر توڑ کوشش کی لیکن جیت لیاقت علی خان الیون کے نام رہی میچ تین سیٹ پر مشتعمل تھا جو لیاقت علی خان الیون نے 2-1 سے جیت لیا میچ کا اسکور 16-10 ،11-16 اور16-14 رہا ، یار محمد، اعجاز احمد، رضوان احمد، ملک ناصر، ریاض،فاروق نادر، محمد شمیم، محمد اسماعیل اور عبدالرحیم نے شاندار کھیل پیش کیا

مہمان خصوصی محمد ارشد نے فیسٹیول کی ونر ٹرافی شہید ملت لیاقت علی خان الیون کے کپتان ریاض احمد اور رنر ٹرافی محمد شمیم کو پیش کی، تقریب کی صدارت کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے صدرحاجی غلام محمد خان نے کی اور مہمان خصوصی محمد ارشد کو خطاب کی دعوت دی محمد ارشد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائداعظم محمد علی جناح کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کے قائداعظم محمد علی جناح پاکستانی عوام کے ہیرو اور پوری قوم کے قائد ہیںانھوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن حاصل کر کے مسلمانوں کو مکمل آزادی فراہم کیاس موقع پر صدر کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن حاجی غلام محمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کے قائداعظم ڈے شوٹنگ بال فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد یہ ہے کے ہم اپنے قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کر سکیںانھوں نے کہا کہ کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن ہر قومی ڈے پر شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کرتی رہی ہے اور کرتی رہے گی

اس موقع پر نائب صدر سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن ایم شمیم قریشی نے مہمان خصوصی محمد ارشد کو سندھ کا روائتی تحفہ اجرک پیش کی مہمان خصوصی محمد ارشد نے صدارتی ایوارڈ یافتہ فوٹو گرافر زاہد رحمان کو اجرک کا تحفہ پیش کیا حاجی غلام محمد خان اور محمد سجاد کو بھی تحائف پیش کیے گئے کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کی جانب سے دونوں ٹیموں کو انعام میں کٹ بھی دی گئی، میچ کو قمرالاسلام پیارے، جاوید اختر، محمد عمر اور محمد جاوید نے سپروائز کیا۔
جاری کردہ ۔میڈیا کوارڈینٹر