سندھ ایپکس کمیٹی کا اجلاس، کراچی آپریشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ

Sindh Apex Committee Meeting

Sindh Apex Committee Meeting

کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت وزیر اعلی ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں گورنر سندھ، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ اور چیف سیکریٹری سندھ سمیت صوبائی حکومت کے سینئر وزراء نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے بریفنگ دی اور بتایا کہ سندھ رینجرز نے ستمبر 2013ء سے جاری آپریشن کے دوران 848 ٹارگٹ کلرز گرفتار کئے۔ گرفتار ٹارگٹ کلرز نے 4225 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

اجلاس میں مشیر قانون سندھ مرتضیٰ وہاب نے مدارس کی رجسٹریشن کے قانون کی تیاری پر بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ مدارس رجسٹریشن ایکٹ جلد متعارف کرا دیا جائیگا۔ اجلاس میں انسداد دہشت گردی کی 10 نئی عدالتوں کے قیام اور ججز کی تعیناتی پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی حالیہ لہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کو مزید تیز کرنے کے احکامات بھی دیئے۔