سندھ اسمبلی کے کوارٹرز متاثرین کی دوسری رات بھی کھلے آسمان تلے

Quarters Victims

Quarters Victims

کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی کے احاطے میں مسمار کیے گئے کوارٹرز کے متاثرین نے دوسری رات بھی کھلے آسمان تلے گزاری۔ متاثرین کا مطالبہ ہے کہ انہیں متبادل رہائش فراہم کی جائے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی کہتے ہیں متبادل رہائش کے لیے جلد وزیر اعلیٰ سے بات کرینگے۔سندھ اسمبلی کے احاطے میں مسمار کیے جانے والے کوارٹرز کے متاثرین کی حالت زار دیکھ کر تو لگتا ہے کہ یہا ں تو اپنوں نے عوام سے ان کی پوری کی پوری چھت ہی چھین لی اور متاثرین کو سردیوں کی دوسری رات بھی کھلے آسمان تلے گزارنی پڑی۔

اسمبلی کے احاطے میں پارکنگ بنانے کے لیے منہدم کیے گئے سرکاری کوارٹروں کے مکینوں نے صبح کا ناشتہ لکڑیاں جلا کر تیار کیا ۔ بے گھر خاندانوں کا کہنا ہے کہ حکومت فوری طور پرانھیں متبادل رہائش فراہم کرے۔

دوسری جانب اسمبلی اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ اراکین اس معاملے پر سیاست نہ کریں، جو متاثرین سے ہمدردی کا شور مچارہے ہیں وہ پہلے کہاں تھے۔

اسپیکر اسمبلی کا کہنا تھا کہ کوارٹرز میں رہنے والوں سے کرایہ نہیں لیا جاتا تھا، انسانی ہمدری کی بنیاد پرانھیں رہائش فراہم کی گئی تھی، وزیراعلیٰ سے ان افراد کو متبادل جگہ فراہم کرنے کی بات جلد جائیگی۔