سندھ اسمبلی کے دو حلقوں میں ضمنی الیکشن کل ہوں گے

Election

Election

کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی کے دو حلقوں میں ضمنی الیکشن کل ہوں گے، انتخابی سامان کی ترسیل آج شروع ہو گی۔

ایم کیو ایم سے پاک سر زمین پارٹی میں جانے والے سابق رکن سندھ اسمبلی افتخارعالم کی نشست پی ایس 106 اور ڈاکٹر صغیر احمد کی نشست پی ایس 117 پر ضمنی الیکشن کے لئے پولنگ کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، ضمنی انتخاب میں بھی ایم کیو ایم کے امیدوار محفوظ یار خان اور میجر ریٹائرڈ قمر عباس کی کامیابی کا امکان ہے۔

ان حلقوں میں پیپلز پارٹی ، تحریک انصاف اور دیگر سیاسی جماعتوں کے امیدوار بھی مقابلے پر ہیں ۔ الیکشن کمیشن نے دونوں حلقوں کیلئے بیلٹ پیپر بھی چھپوالئے ہیں ۔ پی ایس 106 کے ایک لاکھ 75 ہزار 500 ووٹرز کیلئے 100 پولنگ سٹیشنز اور پی ایس 117 کے ایک لاکھ 64 ہزار 9 سو ووٹرز کیلئے 84 پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں۔

دونوں حلقوں کو حساس قرار دے کر پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر رینجرز کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پولنگ کے موقع پر حلقے میں عام تعطیل ہو گی۔

دونوں حلقوں کے پریزائیڈنگ اور پولنگ افسران کو یکم جون کو پولنگ سامان کے ساتھ متعلقہ پولنگ سٹیشنز میں منتقل کر دیا جائے گا جبکہ 2 جون کی صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔