سندھ اسمبلی: غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ روکنے سمیت 4 متفقہ قراردادیں

Sindh Assembly

Sindh Assembly

کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی نے گزشتہ روز چار پرائیویٹ قراردادیں اتفاق رائے سے منظور کر لیں جن میں مطالبہ کیا گیا کہ بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کو سندھ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے روکا جائے۔ ہولی دیوالی اور ایسٹر پر مستقلاً عام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔

چھالیہ اور گٹکا کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کی جائے اور حیدر آباد میں سندھ یونیورسٹی کا کیمپس قائم کیا جائے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی خاتون رکن غزالہ سیال نے قرارداد پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کو سندھ میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے روکا جائے۔ غزالہ سیال نے کہا کہ سندھ کے زیادہ تر علاقوں میں 24 گھنٹے میں سے صرف ایک گھنٹہ بجلی دی جاتی ہے۔

وزیر مملکت عابد شیر علی کہتے ہیں کہ سندھ کے لوگ بجلی چوری کرتے ہیں ۔ میں کہتی ہوں کہ جب بجلی دی ہی نہیں جاتی تو چوری کیسے کریں گے ۔ پیپلز پارٹی کی رکن شمیم ممتاز نے کہا کہ ’’کے الیکٹرک‘‘ کو بھی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور اضافی بلوں کے اجراء سے روکا جائے۔ سپیکر آغا سراج درانی نے کہاکہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بوڑھے اور بیمار افراد کو جو نقصان ہوتا ہے، اس پر بجلی کمپنیوں کے خلاف مختلف جگہوں پر ایف آئی آر درج کرائی جائیں اور ان کے خلاف ایکشن ہونا چاہئے۔

مسلم لیگ (فنکشنل) کے رکن نندکمار نے قرارداد پیش کی کہ ہولی، دیوالی اور ایسٹر پر اقلیتوں کے لیے مستقلاً عام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔ وزیر اقلیتی امور گیان چند ایسرانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر حکومت سندھ پہلے ہی ان تہواروں پر عام تعطیلات کرنے کا فیصلہ کر چکی ہے۔

تیسری قرارداد تحریک انصاف کی خاتون رکن ڈاکٹر سیما ضیاء نے پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ صوبہ سند ھ میں چھالیہ اور گٹکا کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کی جائے کیونکہ یہ صحت کے لیے انتہائی مضر ہیں۔ پیر پگارا کے صاحبزادے اور مسلم لیگ (فنکشنل) کے رکن سندھ اسمبلی سید محمد راشد شاہ راشدی نے ایک قرارداد پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت ارکان صوبائی اسمبلی کو ممنوعہ بور کے تین اسلحہ لائسنس جاری کرے تاکہ وہ اپنی حفاظت کر سکیں۔ قرارداد پیش کرنے پر سپیکر نے ان سے کہا کہ کیا آپ جنگ کرنا چاہتے ہیں۔ سید محمد راشد شاہ راشدی نے کہا کہ ملک کے حالات بہت خراب ہیں۔

دہشت گردوں اور انتہا پسندوں سے خطرات ہیں۔ ارکان اسمبلی کو یہ لائسنس ملنے چاہئیں۔ سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو نے قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تو ہم ہتھیاروں سے پاک سوسائٹی کی بات کر رہے ہیں اور دوسری طرف یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ہتھیار دو۔ مسلم لیگ فنکشنل کے امتیاز شیخ کی سیکرٹری تعلیم کے خلاف تحریک التوا حکومتی ارکان کی مخالفت کے باعث خارج کردی گئی۔

امتیاز شیخ نے تحریک التوا میں کہا کہ سرکاری سکولوںکی اپ گریڈیشن کیلئے 9 کروڑ روپے رکھے گئے تھے مگرایک کروڑروپیہ بھی خرچ نہیں کیے جا سکے وزیر تعلیم نثار کھوڑو اچھے آدمی ہیں مگر سیکریٹری تعلیم فضل اللہ پیجوھو کسی کی بھی نہیں سنتے۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹوزرداری سے اپیل ہے کہ وہ سیکرٹری تعلیم کا نوٹس لیں۔

سپیکر آغا سراج درانی نے سندھ اسمبلی کا اجلاس دیر سے شروع ہو نے پر ناراضگی کا اظہارکرتے ہو ئے کہاکہ ارکان دیرسے آتے ہیں اس لئے بزنس پورا نہیں ہوتا۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی ریحانہ لغاری کے ساتھ مبینہ بدتمیزی پر سی آئی اے انچارج سجاول بہادر جمالی کے خلاف منگل کو سندھ اسمبلی میں تحریک استحقاق منظور کر لی گئی۔ اسمبلی کی استحقاق کمیٹی اس معاملے کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات اسمبلی کو پیش کرے گی۔