سندھ : بس اور ٹرک میں تصادم، متعدد افراد ہلاک

Accident

Accident

سندھ (جیوڈیسک) پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ میں ایک مسافر بس اور ٹرک کے تصادم میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

منگل کی صبح یہ بس ڈیرہ اسماعیل خان سے کراچی آرہی تھی کہ جامشورو کے قریب ایک ٹرک سے اس کا تصادم ہو گیا۔

زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں اور اکثر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

انڈس ہائی وے پر پیش آنے والے اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں اور لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

اسی شاہراہ پر اس سے قبل بھی کئی مہلک حادثات پیش آ چکے ہیں۔ رواں سال مئی میں ایک مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی تھی جس سے اس پر سوار دس افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

گزشتہ سال جنوری میں کراچی سے شکار پور جانے والی بس مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی تھی اور اس حادثے میں 62 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اس واقعے سے دو ماہ قبل ہی سوات سے کراچی آنے والی بس کے مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر سے تصادم میں خواتین اور بچوں سمیت 57 افراد موت کا شکار ہوئے تھے۔

پاکستان میں ہر سال سڑک کے حادثات میں ہزاروں جانیں ضائع ہو جاتی ہیں اور ان حادثات کی وجہ غیر محتاط ڈرائیونگ، سڑکوں کی خراب حالت اور گاڑیوں کی نامناسب دیکھ بھال بتائی جاتی ہے۔