سندھ تاجر اتحاد کا جشن آزادی تک احتجاج نہ کرنیکا فیصلہ

Sindh Tajir Ittehad

Sindh Tajir Ittehad

کراچی (جیوڈیسک) سندھ تاجر اتحاد نے جشن آزادی منانے کے لیے سندھ بھر کے تجارتی مراکز اور بازاروں کو قومی پرچم سے آراستہ کرنے اور خصوصی سجاوٹ کی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ نے میڈیا کو بتایا کہ یکم اگست کو ہونے والی ہڑتال میں کراچی سمیت سندھ بھر کی تاجر برادری نے ودہولڈنگ ٹیکس کو مسترد کردیا، ظالمانہ ٹیکس کسی صورت نہیں دیں گے تاہم قومی امنگوں کو سامنے رکھتے ہوئے جشن آزادی تک کسی بڑے احتجاج اور مظاہرے سے اجتناب کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تاجر برادری بھرپور طریقے سے جشن آزادی منانے کی تیاریاں کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری نے ثابت کردیا کہ تاجر برادری آل پاکستان انجمن تاجراں کے جھنڈے تلے ایک ہے۔

ملک بھر میں یکم اگست کی ہڑتال نے ثابت کردیا کہ آل پاکستان انجمن تاجراں تاجروں کی اصل جماعت ہے۔ کراچی اور سندھ میں سندھ تاجر اتحاد نے ہڑتال کی حمایت کی تھی، کراچی کے تمام بڑے بازار اور تجارتی مراکز بند کرکے تاجروں نے سندھ تاجر اتحاد کے موقف کی تائید کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کی مہم کے باوجود ٹیکسوں کے خلاف تاجر اتحاد کے موقف میں کوئی لچک نہیں آئے گی اور جشن آزادی کے بعد ایک بار پھر ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ اس دوران سندھ تاجر اتحاد ملک گیر سطح پر تاجر برادری سے اپنے رابطوں کو مزید مضبوط کریگی تاکہ تاجروں کے درمیان نااتفاقی پھیلانے والی تاجر برادری کی کالی بھیڑوں کے عزائم ناکام بنائے جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں اولڈ سٹی ایریا کی تمام مارکیٹیں، جامع کلاتھ کی مارکیٹیں، جوبلی کی تمام مارکیٹیں ایم اے جناح روڈ کی مارکیٹیں، صدر الائنس کی مارکیٹیں، کلفٹن الائنس کی مارکیٹیں، گلشن اقبال ،حسن اسکوائر، ڈیفنس کی مارکیٹیں، لیاقت آباد کی مارکیٹیں، کریم آباد کی مارکیٹیں، فیڈرل بی ایریا کی مارکیٹیں، واٹر پمپ کی مارکیٹیں، حیدری، پاپوش نگر، گلبہار کی مارکیٹیں، لانڈھی، کورنگی، ملیر، کراچی الیکٹرونک ڈیلرز ایسوسی ایشن سندھ تاجر اتحاد کے ساتھ ہیں۔

تاجروں نے سندھ بھر بالخصوص کراچی کی تمام مارکیٹو ں نے کاروبار بند کرکے ثابت کردیا کہ تاجر برادری سندھ تاجر اتحاد کے پلیٹ فارم پر ایک ہیں۔ تاجروں نے نام نہاد تاجر رہنماؤں کو مسترد کردیا ہے۔ میں تمام تاجروں کو مبارکباد پیش کرتاہوں اور تمام سیاسی تنظیموں کا بھی شکر گزار ہوں۔