سندھ ہائیکورٹ : جعلی قیدیوں سے متعلق ریکارڈ پیش کرنے کا حکم

Sindh High Court

Sindh High Court

کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے سندھ کی جیلوں میں جعلی قیدیوں سے متعلق درخواست پر جیل انتظامیہ سے فراہم ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 13 مارچ تک ملتوی کر دی۔

سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے انصار برنی ٹرسٹ کی جانب سے جیلوں میں جعلی قیدیوں سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ سندھ کے جیلوں میں 41 جعلی قیدی اسیر ہیں۔

عدالت میں ڈی آئی جی جیلز اور سینٹرل جیل سپرنٹنڈنٹ پیش ہوئے اور جیل انتظامیہ کی جانب جواب داخل کیا جس میں کہا گیا جن قیدیوں کی فہرست فراہم کی گئی ہے ان میں سے کچھ رہا ہو گئے ہیں اور باقی ضمانت پر ہیں جیل میں کوئی جعلی ناموں سے قیدی نہیں ہے۔

عدالت نے جیل انتظامیہ کی جانب سے ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا اور حکومت سے بائیو میٹرک سسٹم کے حوالے بھی حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 13 مارچ تک ملتوی کر دی۔